ھ*پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ظالمانہ اضافہ قابل مذمت ، واپس لیا جائے : جاوید قصوری

ق*پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا ہے ٓحکمرانوں میں اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں: امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

اتوار 29 جنوری 2023 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2023ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ظالمانہ اضافے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور فی الفو ر قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس چکی ہے۔

ہر طرف پنجاب سے خیبر تک پٹرول کی قلت کے باعث شہری خوار ہورہے ہیں ۔ایک طرف پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آتی ہیں اور دوسری طر ف حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35روپے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18روپے فی لٹر اضافہ کرکے عوام پر پٹرول بم گرادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام ملک و قوم کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی اہلیت سے عاری ہے۔

(جاری ہے)

ان حکمرانوں میں اہلیت ، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ہی آئی ایم ایف کی غلامی کو ہنس کر قبول کیا ہے۔ دنیا میں کوئی ایک ملک بھی ایسا نہیں جس نے آئی ایم ایف سے قرض حاصل کر کے ترقی کی ہو ۔ منافع بخش ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ معاشی عدم استحکام انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کرچکا ہے۔ اگرہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے۔ قرضے بڑھتے چلے جارہے ہیں جبکہ سرمایہ کاری دن بدن سکڑتی چلی جارہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان لوگوں کو مسترد کرے اور ایسی قیادت منتخب کی جائے جو محب وطن ہو۔