Live Updates

عمران خان کا کاغذات نامزدگی میں تحریری جواب راہ فرار ہے،عطاء تارڑ

نااہلی چیئرمین تحریک انصاف کا مقدر ہے،یہ لوگ کیس کے میرٹ پر بات کرنے سے کتراتے ہیں،معاون خصوصی

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 1 فروری 2023 13:55

عمران خان کا کاغذات نامزدگی میں تحریری جواب راہ فرار ہے،عطاء تارڑ
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2023ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے مبینہ بیٹی کے معاملے پر عمران خان نے ہائیکورٹ سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی،عمران خان نے جو جواب جمع کرایا وہ شکست کا اعتراف ہے،ٹیریان آپ کی بیٹی ہے یا نہیں،جواب جمع کرا دیں۔ عطاء تارڑ نے دیگر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا کاغذات نامزدگی ڈکلیئریشن میں تحریری جواب راہ فرار ہے،یہ لوگ کیس کی میرٹ پر بات کرنے سے کتراتے ہیں،نااہلی عمران خان کا مقدر ہے۔

ایک وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا جا سکتا ہے،کیا عمران خان کاغذات نامزدگی میں ڈکلیئریشن نہ دینے پر نا اہل نہیں ہو سکتے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ طلال چوہدری کو نااہل کیا گیا،ان کا کیا قصور تھا؟عمران خان کو نااہلی سے کوئی طاقت نہیں بچا سکتی،نواز شریف کو عدالتوں سے سزا دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے عمران خان کا کیس کیوں 8 سال سے روکا؟ جبکہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن تب ہو سکتے ہیں جب قانون کا اطلاق برابر ہو گا،توشہ خانہ کا سوال پوچھا جائے تو کہتے ہیں میری مرضی،عمران خان کی نہیں آئین کی مرضی چلے گی،عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

یاد رہے کہ چئیرمین عمران خان نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے کے کیس میں جواب عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔عمران خان نے ابتدائی جواب جمع کراتے ہوئے اپنے خلاف کیس کو خارج کرنے کی استدعا کر دی۔ عمران خان نے جواب میں کہا کہ بطور رکن اسمبلی آفس چھوڑ چکا۔درخواست قابل سماعت نہیں، آرٹیکل 199 کے تحت یہ کورٹ اس درخواست کو نہیں سن سکتی۔رپورٹ کے مطابق عمران خان نے فیصل واوڈا کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کیس سننے والے موجودہ چیف جسٹس پر بالواسطہ اعتراض بھی اٹھا دیا۔عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹیریان وائٹ کیس پر نااہلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی خارج کر چکا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات