رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کچے کے علاقے میں قید زاکر اللہ سمیت دوسو مغویوں کی بازیابی کامطالبہ کردیا

تاجر برادری اور پختون جرگہ نے دوروزمیں مسئلہ حل نہ ہونے پر سپر ہائی وے بلاک کرنے کا الٹی میٹم دے دیا

جمعہ 3 فروری 2023 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2023ء) پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی ورکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کچے کے علاقے میں قید زاکر اللہ سمیت دوسو مغویوں کی بازیابی کامطالبہ کردیا۔ان خیالات کااظہار کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر مغوی زاکر اللہ کے والد لالئی خان ،سندھ آل ڈمپرز ایسوسی ایشن کے حلیم ضان ،صدر یوسف خٹک ،جے آئی یوتھ کے ملک فیاض اور پختون جرگہ کے دیگر حضرات شامل تھے۔

تاجر برادری اور پختون جرگہ نے دوروزمیں مسئلہ حل نہ ہونے پر سپر ہائی وے بلاک کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی ورکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشیدنے کہاکہ زاکراللہ سمیت دوسو سے زائد لوگ کچے کے علاقے میں مغوی ہیں اورحکومت سندھ انکی بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مغوی کی بازیابی کیلئے پچاس لاکھ تاوان مانگا جارہاہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیر اعلی سندھ ،آئی جی سندھ اورڈی جی رینجرز مغویوں کی بازیابی کیلئے اقدامات کریں ۔انہوں نے کہاکہ بصورت دیگر جماعت اسلامی احتجاج کاحق محفوظ رکھتی ہے ۔ انکاکہنا تھا کل وزیر اعلی سندھ خیبر پختونخواہ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے پشاور پہنچ گئے لیکن انکے اپنے صوبے میں امن وامان خطرے میں ہے انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ کو اپنے صوبے کے حالات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سندھ کے کچے کے علاقوں میں حکومتی رٹ چیلنج ہورہی ہے اور حکومت تماشائی ہے۔ حکومت نے عوام کے جان ومال کاتحفظ یقینی نہ بنایا مغوی بازیاب نہ ہوئے تو سخت احتجاج پر مجبور ہونگے ۔