Live Updates

مجھے کیسز میں الجھانے کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان کا دفاع نہ کر سکوں

مجھے عدالت لانے سے پہلے کوئی انجکشن لگایا گیا تھا جس کی وجہ سے ہوش میں نہیں تھا،کہا گیا میں رویا تھا،میں سانس کے لیے ماسک مانگ رہا تھا۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی عدالت پیشی پر گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 فروری 2023 11:37

مجھے کیسز میں الجھانے کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان کا دفاع نہ کر سکوں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل آج اپنے کیس کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ پیش ہوئے۔انہوں نے گزشتہ روز قیادت سے شکوہ کیا تھا کہ عدالتوں میں پیشی کے موقع پر ساتھ کوئی نہیں آتا۔شہباز گل آج بھی اکیلے عدالت پیش ہوئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کیسز میں الجھانے کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان کا دفاع نہ کر سکوں۔

ہماری پارٹی نے مریم اورنگزیب کے بیان کا ٹھوس جواب نہیں دیا جس کا دکھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کہا گیا میں رویا تھا میں سانس کے لیے ماسک مانگ رہا تھا۔مجھے عدالت لانے سے پہلے کوئی انجکشن لگایا گیا جس کی وجہ سے ہوش میں نہیں تھا ۔خواجہ آصف ڈالر کی قیمتوں پر مذاق کر رہے ہیں۔قبل ازیں شہبازگل نے اپنی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والے حالات اور دوستوں کے رویے سے متعلق سوشل میڈیا پر اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے واقعے میں سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ دو تین دوستوں کے سوائے باقی تمام دوست غائب ہو گئے۔ وہ جن سے ایک دن میں کئی کئی بار بات ہوتی تھی ان سے اب مہینوں بات نہیں ہوتی۔ تقریباً روز ملنے والوں کی شکل چھ ماہ سے نظر نہ آئی۔شہباز گل نے مزید کہا کہ ہاں لیکن اجنبی عوام، ماؤں بہنوں نے بے شمار محبت بخشی۔

اس سے قبل شہبازگل نے ایک اور ٹویٹ میں کچھ سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک بات سمجھ نہیں آرہی مقدمات اور گرفتاریاں تو بہت سارے اور لوگوں کی بھی ہوئیں۔ لیکن وحشی تشدد صرف مجھ پر؟ ای سی ایل میں نام صرف میرا اکیلے کا؟ کورٹ میں ٹرائل صرف میرا؟ تقریباً چالیس دن جیل میں؟ میری بیوی پر جھوٹا کیس بنایا؟ میرا قصور کیا مڈل کلاس ہونا ہے؟ شہبازگل نے کہا کہ پچھلے دو دنوں میں تین پریس کانفرنسز کیں۔ ایک اسلام آباد عدالت میں پیشی کے بعد، ایک اسلام آباد سے فواد اور حماد کے ساتھ، ایک آج لاہور ہائیکورٹ میں، تمام چینلز کے کیمرے اور رپورٹرز نے کور کیا، لیکن کسی ایک ٹی وی پر لائیو نہ چل سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات