حیات شیرپاؤ برسی کا جلسہ سانحہ پشاور سے منسوب

سابق گورنر نے معاشرے کے پسے اور محروم طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا‘ سکندر شیرپائو

بدھ 8 فروری 2023 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2023ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے سابق گورنر خیبر پختونخوا حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی جلسہ کو سانحہ پولیس لائنز شہداء کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں شیرپاؤ میں سابق گورنر خیبرپختونخو اشہیدحیات محمد خان شیرپاؤ کی 48ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر ختم القرآن اور شہید قائد کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی اورضلعی رہنماؤں کے علاوہ پارٹی کارکن اور حیات شہید کے عقیدت مند بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہید لیڈر کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔سکندر شیرپاؤ نے سابق گورنر حیات محمد خان شیر پاؤ شہید کو ان کی 48 ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کے پہلے سیاستدان تھے جنہوں نے معاشرے کے پسے ہوئے اور محروم طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح شہید رہنما کی برسی کے موقع پر 13 فروری کو گاؤں شیرپاؤ میں ایک اجتماع منعقد کیا جائے گا جہاں پرپشاور کے پولیس لائنز بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اجتماع ان لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کرے گا جو صوبے میں دہشت گردی میں شہید ہوئے۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال روز بروز بگڑتی جارہی ہے، حکومت بد امنی پر قابوپانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا کر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔