آواز اور لب و لہجے کے جادوگر ضیا ءمحی الدین انتقال کرگئے

پیر 13 فروری 2023 14:45

آواز اور لب و لہجے کے جادوگر  ضیا ءمحی الدین    انتقال کرگئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2023ء) اپنی آواز اور لب و لہجے کے لیےپاکستان کے معروف ٹی وی اینکر، ہدایتکار،صدا کار اور مصنف ضیا ءمحی الدین وفات پا گئے ہیں۔ ضیاء محی الدین کی عمر 92 برس تھی وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ انگریزی اور اردو زبان میں لفظوں کے تلفظ کی درست ادائیگی ہو یا تاریخ کے حوالہ جات، ہر موضوع پر ضیا محی الدین کی گرفت مضبوط تھی۔

جن لوگوں نے ضیا محی الدین کو سنا، پڑھا یا دیکھا، وہ ان کی شخصیت کے سحرمیں گرفتار ہوئے بغیر رہ ہی نہیں سکتے تھے۔ضیا ءمحی الدین 20 جون 1931 کو پاکستان کے شہر فیصل آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ 50 کی دہائی میں لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈراماٹک آرٹ سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔1960ء میں میں جب ای ایم فوسٹر کے مشہور ناول اے پیسج ٹو انڈیا کو سٹیج پر پیش کیا گیا تو ضیا محی الدین نے اس میں ڈاکٹر عزیز کا کردار ادا کرکے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ۔

(جاری ہے)

1962ء میں انہیں فلم’ لارنس آف عربیا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا تو انھوں نے اس فلم میں بھی ایک یادگار کردار ادا کیا۔ بعد ازاں انہوں نے تھیٹر کے کئی ڈراموں اور ہالی وڈ کی کئی فلموں میں کردار ادا کیے۔ 1970ء میں ضیا محی الدین پاکستان آئے جہاں انھوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے ضیا محی الدین شو کے نام سے ایک اسٹیج پروگرام کی میزبانی کی۔ اس سٹیج پروگرام نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

ضیاء محی الدین نے ایک پاکستانی فلم ’’مجرم کون‘‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا لیکن وہ اس میدان میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ وہ 1973 میں پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر مقرر کیے گئے جہاں انہوں نے 1977 تک کام کیا ۔ اسی دوران انہوں نے نامور رقاصہ ناہید صدیقی سے شادی کر لی۔ وہ 1980 کی دہائی میں برطانیہ منتقل ہو گئے جہاں اپنا فنی کام جاری رکھا اور سنٹرل ٹیلی ویژن کے لیے مشہور ملٹی کلچرل شو ’’نائو اینڈ دن‘‘1986 سے 1989 تک چلایا ۔

ضیا محی الدین نے پاکستان ٹیلی وژن سے جو پروگرام پیش کیے ان میں پائل، چچا چھکن، ضیا محی الدین کے ساتھ اور جو جانے وہ جیتے کے نام سر فہرست ہیں ۔ وہ اپنی خوب صورت آواز میں اردو ادب کے فن پارے اپنی خوب صورت آواز میں پیش کرنے میں بھی اختصاص رکھتے ہیں 2004ء میں انہیں کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا جہاں انہوں نے تا دم مرگ خدمات انجام دیں ، وہ اس عہدے سے اپنی مرضی سے سبکدوش ہو کر اپنی خدمات ادارے کو رضاکارانہ طور پر دے رہے تھے۔

اسی دوران ضیا محی الدین نے سنہ 2022 میں شیکسپیئر کے ڈرامے ’رومیو اینڈ جولیٹ‘ کو اردو زبان میں پیش کر کے طالب علموں کو کلاسیکل تھیٹر بھی سکھایا۔ضیا محی الدین کا شکوہ تھا کہ پاکستانی ٹی وی پر غلط تلفظ بولا جاتا ہے، زبر زیر اور پیش سے لفظ اور مطلب بدل جاتا ہے اسی وجہ سے وہ ٹی وی ڈرامہ دیکھنے سے اجتناب کرتے تھے ۔ضیا محی الدین 13 فروری 2023 بروز پیر کو دنیا کا اپنا سفر مکمل کرنے کے بعد جہانِ فانی سے کوچ کر گئے ۔