الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے ، الیکشن کروانا اس کی ذمہ داری ہے، محمد رفیق رجوانہ

پیر 20 فروری 2023 21:20

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2023ء) سابق گورنر پنجاب و معروف قانون دان ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور الیکشن کروانا اس کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن ایکٹ 2017کی شق57کے تحت الیکشن 9اپریل کوصوبوں میں الیکشن کرانے کاجواعلان کیا ہے وہ اس شق کہ روح کے منافی ہے کیونکہ اس شق میں لکھاہے کہ صدر پاکستان الیکشن کمیشن کی مشاورت کے بعد فیصلہ کر سکتے ہیں موجودہ حالات میں صدر پاکستان کے خط کا جواب الیکشن کمیشن نے دیا تھا،9 اپریل کے الیکشن کے اعلان کے حوالے سے صدر مملکت نے الیکشن کمیشن سے کوئی مشاورت نہیں کیلہذا اس تاریخ کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکٹ 2017کی شق 58کے تحت صدد پاکستان اگر قانونی طور پر شق 57کے تحت تاریخ دے بھی دیتے ہیں تو الیکشن کمیشن وہ تاریخ تبدیل کر سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ان حالات میں صدر کا الیکشن کی تاریخ دے دینا غیر آئینی ہے۔