بورے والا،ملتان روڈ پر کوسٹر اور کار میں خوفناک تصادم،ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق،چھ زخمی

ہفتہ 11 مارچ 2023 18:19

بورے والا،ملتان روڈ پر کوسٹر اور کار میں خوفناک تصادم،ایک ہی خاندان ..
بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2023ء) ملتان روڈ پر کار اورکوسٹر میں خوفناک تصادم میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ،چھ شدید زخمی ہوگئے۔ ملتان سے وہاڑی آنے والی مسافر کوسٹر موڑ رب راکھا کے قریب ایک رکشہ کو اوور ٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی جسکے نتیجہ میں کار سوار ایک ہی خاندان کے ماں بیٹا سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ شدید زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی نعشیں انکے آبائی گاؤں 55/ ڈبلیو بی پہنچا دیں جبکہ چھ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کردیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کوسٹر کی تیز رفتاری اور رکشہ کو اوورٹیکنگ کے دوران بے قابو ہونے پر پیش آیا ۔جاں بحق افراد کی شناخت وہاڑی پولیس کے اے ایس آئی محمد فاروق بھٹی کی اہلیہ انم بی بی،9 سالہ بیٹا افعان فاروق،ساس ثریا بی بی اور سالا عفنان کے ناموں سے ہوئی ہے جوکہ ایک شادی کی تقریب میں جارہے تھے جبکہ زخمیوں میں ثناء بی بی،محمد عثمان،شاہ زین عنیب احمد،اعجاز قادری اور حنیف شامل ہیں ۔\378