مسلم کانفرنس ریاست کی وحدت کی پہرہ دار ہے،سردار عتیق احمد خان

تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیوں کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا

جمعرات 16 مارچ 2023 14:31

دھیرکوٹ/مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2023ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان کادورہ دھیرکوٹ،دھیرکوٹ پہنچنے پرصدرمسلم کانفرنس کا کارکنوں نے استقبال کیا ۔دورہ کے دوران مجاہد اول ہائوس میں مسلم کانفرنسی کارکنان وعہدیداران نے ان سے ملاقاتیں کیں۔ دھیرکوٹ میں مسلم کانفرنس ٹائون دھیرکوٹ کے صدر قاری راجہ سکندر حیات خان کی رہائش گاہ پر کارکنان سے ملاقاتیں کیں۔

بعداں صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان سے مجاہد اول ہائوس سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ اور یونین کونسل ہل سرنگ کے وفد نے ملاقات کی۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کی وحدت کی پہرہ دار ہے۔

(جاری ہے)

تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیوں کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

مسلم کانفرنس ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔ مودی کی فسطائی ہندوستانی حکو مت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیاہے اور نہتے کشمیری عوام 10لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج کا مقابلہ کر ر ہے۔ہندوستانی فوجی مقبوضہ علاقے میں روزانہ درجنوں کی تعداد میں کشمیریوں کو شہید کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر ی عوام اپنے مادر وطن سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور وہ وطن کی محبت میں مسکرا کر موت کو گلے لگا رہے ہیں کشمیریوں نے پہلے بھی ہندوستان کے جابرانہ حربوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ڈٹ کر جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام پاکستان کے لیے قربانیاں کی لازوال داستان رقم کررہے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کے غیر قانونی اور غیر انسانی حربوں کے آگے بندھ باندھنے کے لیے موثر اقدامات کرے، عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت کو شہ ملتی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانیت سوز مظالم کو دنیا کے سامنے لانے میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام آج بھی شہداء کشمیر کی نقشے قدم پر چل کر قربانیاں دے رہے ہیں،ہندوستان ڈوگرہ حکمرانوں کی طرح کشمیریوں کی حق و سچ کی آواز کو طاقت سے کچل رہا ہے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، دنیا نے اس مسئلہ کی سنگینیی کا احساس نہ کیا تو جنوبی ایشیا میں امن و استحکا م اور ترقی کا خواب تکمیل کو نہیں پہنچے گا