صنعا میں عمارتوں کا قتل عام، حوثی ملیشیا تاریخی بازاروں کو مسمار کرنے لگی

منصوبے کے تحت لگ بھگ 4 مشہور بازاروں کو مسمار کر کے ان کی جگہ مذہبی مقامات اور مزارات کی تعمیر کی جائے گی،رپورٹ

اتوار 19 مارچ 2023 14:05

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2023ء) یمن میں حوثی ملیشیا نے دارالحکومت صنعا میں عمارتوں کا قتل عام شروع کردیا۔ حوثی ملیشیا نے اس حوالے سے تاریخی یادگاروں اور بازاروں کو بھی مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران یمنی ایک ایسے منصوبے کا مشاہدہ کر رہے ہیں جسے حوثی ملیشیا صنعا میں نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس منصوبے کے تحت لگ بھگ 4 مشہور بازاروں کو مسمار کر کے ان کی جگہ مذہبی مقامات اور مزارات کی تعمیر کی جائے گی۔تاہم اس منصوبے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ اس میں مقبول بازاروں کی تاریخی اہمیت رکھنے والی سینکڑوں دکانوں کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔ یہ بازار اور دکانیں یمنی شناخت کی وجہ سے بھی ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی تناظر میں یونیسکو میں یمن کے مندوب محمد جمیح نے خبردار کیا کہ اگر یہ قدم اٹھایا گیا تو یہ خطرناک ثابت ہوگا۔

حوثی ملیشیا کیاس اقدام سے شہر کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست سے نکالنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ دو روز قبل اپنے فیس بک اکانٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک طویل تبصرے میں محمد جمیح نے قدیم صنعا میں سینکڑوں روایتی دکانوں کے قتل عام کے حوثی منصوبے کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسے منہدم کر کے وہ اس شہر کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست سے نکالنے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔

اس جرم کی ذمہ داری بین الاقوامی اداروں اور تمام یمنی شہریوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد ان دکانوں کی جگہ ایک نیا نظریاتی مزار قائم کرنا ہے۔ یہ ایک ایرانی طرز کی مذہبی عبادت گاہ ہوگی ، اس طرح تاریخی صنعا کی یمنی علامت کو تبدیل کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو نے 1986 میں صنعا کے قدیم شہر کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ اس شہر کی تاریخ 2500 سال سے بھی زیادہ پرانی ہے۔ یہ مکمل طور پر تاریخی دیواروں سے گھرا ہوا تھا لیکن آج ان میں سے صرف ایک دیوار باقی ہے۔