گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں سالانہ جدید پراجیکٹ نمائش

پیر 20 مارچ 2023 16:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں سالانہ جدید پراجیکٹ نمائش منعقد ہوئی ، جس میں طلبا کے بنائے گئے سول الیکٹریکل، آٹو اینڈ ڈیزل، مکینیکل ٹیکنالوجی، سولر ٹریکنگ سسٹم، ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ اور سی این سی ووڈ کٹر سمیت دیگر 30 سے زائد انجنئیرنگ ماڈلز پیش کیے گئے۔ نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی سیکرٹری/ چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ٹیوٹا احمد شہزاد خاور نے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے سالانہ نمائش میں جدید ماڈلز پراجیکٹ کے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور طلبا کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے طلبا سے نمائش کے جدید منصوبوں کی اہمیت، استعمال اور فوائدبارےتفصیل سے پوچھا اور بتایا کہ ان منصوبوں کو کم لاگت میں تیار کر کے کس طرح بہتر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں توجہ دینا اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسکے بغیر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونا ناممکن ہے۔

پاکستان کے نوجوان تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اگر ان کی صلاحیتوں کو عملی جامعہ پہنایا جائے تو یہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں جدید ٹیکنالوجی کو سمجھنے اور اپنانے سے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں اور اس طرح کی نمائشوں کے انعقادسے طلبا فیکلٹی ممبران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں زیادہ محنت کرنے کی ترغیب ملے گی۔

انہوں کہا کہ ادارےکی انتظامیہ اور عملے کا فرض ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس ادارے کو سینٹر آف ایکسیلینس بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں تاکہ عوام کو ثمرات پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے جس سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کے بنائے ہوئے ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کے نمونے ملک میں بجلی کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے بہت مفیدہیں جن میں الیکٹرک مصنوعات میں بجلی کا کم استعمال بھی شامل ہے جس سے ملکی بجلی کا مسئلہ کافی حد تک کم ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں کالج کی انتظامیہ نے سیکرٹری/ چیف آپریٹنگ آفیسر کو تمام شعبوں کا دورہ کروایا ۔ٹیوٹا کے چیف آفیسر سے گفتگو کرتے ہوئے طلبا کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے انہیں جدید ماڈلز بنانے اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر لاہور طارق محمود، کالج پرنسپل محمد یوسف سلہری، وائس پرنسپل رانا الیاس، ڈسٹرکٹ ہیڈ ٹیوٹا طاہر محمود، الیکٹریکل ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ افضل بشیر، ہیڈ آف مکینیل ڈیپارٹمنٹ رانا محمد شبیر، اکاؤنٹ آفیسر تحسین رسول، سٹاف سمیت مقامی سکولوں کے اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔بعد ازاں انہوں نے لان میں پودا لگا یا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شجر کاری مہم میں اساتذہ اور طلبا کم از کم 10 ہزار پودے لگا کر انکا ریکارڈ بذریعہ تصویر کی شکل میں ٹیوٹا آفس لاہور پیش کریں۔