Live Updates

وزیراعظم کی ہدایت پر سستا پٹرول سکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کو سو روپے سبسڈی دی جا ئیگی،وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک

پیر 20 مارچ 2023 18:17

وزیراعظم کی ہدایت پر سستا پٹرول سکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کو  سو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پٹرول سکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پٹرول پر پچاس روپے کی بجائے سو روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور چھ ہفتوں کے دوران اس سکیم کو نافذ العمل کر دیا جائے گا،فیصلہ کر لیا گیا ہے بڑی گاڑی والوں کو پٹرول کی زیادہ قیمت ادا کر نا ہوگی کیونکہ یہاں پر غریب کا پاکستان الگ ہے اور امیر کا پاکستان الگ ،عمران خان خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں اس لئے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے ۔

وہ پیر کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پٹرول فراہم کرنے کی سکیم پر کام کر نا شرو ع کر دیا ہے اس پر ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پٹرول کے ٹیرف میں غریب کو پچاس روپے سبسڈی دی جائے گی مگر اب وزیر اعظم نے ہمیں دوبارہ ہدایت کی ہے کہ سبسڈی کو بڑھا کر سو روپے کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت پٹرولم کی قیمت میں کمی لانے کے لیے کام جاری ہے جو چھ ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے ایسا میکنزم بنا لیا ہے کہ مال دار طبقے پر ٹیکس لگائیں گے اور غریب کو بھر پور ریلیف دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کر ے گی جس کی بہترین مثال مفت آٹے کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب کو سستی گیس فراہم کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل تھا جس کے تحت یکم جنوری سے ہم نے گیس کے ٹیرف پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور گیس کا سرکلر ڈیبٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ بجلی کے حوالے سے بھی ہم نے پہلے ہی پالیسی بنا رکھی ہے ،100 یا 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو سستی بجلی دی جائے گی جبکہ اس سے زیادہ استعمال کر نے والوں کو پورا بل ادا کر نا ہوگا۔

انہو ں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے یکساں قانون بنایاہے اب کسی سیٹھ کو سستی بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ ملک جلد بہتری کی طرف گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہم ایران سمیت تمام ممالک سے پٹرول اور دیگر اشیائے ضرور یہ خریدنے کے لیے تیار ہیں تاہم اس حوالے سے اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا کہ ہم پر بین الاقوامی پابندیاں عائد نہ ہو جائیں۔

اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پٹرول سستا کرنے کے لیے میکنزم بنانے پر کام جاری ہے ،ہمارے پاس عوام کا ڈیٹا موجود ہے اور ایک غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل پر ماہانہ21 لیٹر پٹرول استعمال کرتا ہے ،ہماری کوشش ہوگی کہ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں دو سے تین لیٹر پٹرول فراہم کیا جائے اور 800سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پٹرول پر30 لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی اور ایک وقت میں گاڑی میں 5 سے 7 لیٹر پٹرول ڈالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے اہل افراد کو ان کے موبائل پر میسج موصول ہو گا اور وہ اس میسج کو پٹرول پمپ پر دکھا کر پٹرول وصول کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پٹرول پمپس والوں کو ایک ڈیوائس فراہم کی جائے گی جس پر سبسڈی حاصل کرنے والے کا ریکارڈ موجود ہو گا۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر آچکی ہے وہ کسی قانون کو نہیں مانتے اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

عمران خان ریاست کو کھلے عام چیلنج کر رہا ہے کہ مجھے پکڑ کر دکھائو ۔ عمران خان کے غلط اقدمات کی وجہ سے دو پاکستان بن چکے ہیں ،غریب کا پاکستان الگ ہے اور امیر کا پاکستان الگ اور میں نے یہی بات جب وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کہی تو انہوں نے مجھے کہا کہ ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں کے بعد اب پٹرول پر بھی ٹیرف الگ کیا جائے گا اور غریب کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا ۔

اس موقع پر انہوں نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر وزارت داخلہ مکمل تحقیقات کرے۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے حوالے سے حکومت نے واضح قانون بنا لیا ہے جو بھی تحفہ وصول کرے گا وہ پوری قیمت ادا کر ے گا اور ہمارے پاس جو توشہ خانے کا ریکار ڈ موجود تھا وہ عوام کے سامنے رکھ دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات