دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کے کھلنے کی ممکنہ تاریخ بتادی گئی

دبئی مرینا میں بننے والا ہوٹل 365 میٹر اونچا ہوگا جس میں 82 منزلیں اور ایک ہزار کمرے تیار ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مارچ 2023 16:37

دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کے کھلنے کی ممکنہ تاریخ بتادی گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کی تعمیر جاری ہے، دبئی مرینا میں بننے والا یہ ہوٹل 365 میٹر اونچا ہوگا جس میں 82 منزلیں اور ایک ہزار کمرے تیار ہوں گے۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق پراپرٹی کی تعمیر اگلے سال کے شروع میں مکمل ہونے والی ہے، جس کو 2024ء کے اختتام سے پہلے کاروبار کے لیے کھول دیا جائے گا، اس پروجیکٹ کے ڈویلپر دی فرسٹ گروپ کے چیف ایگزیکٹو روب برنز نے کہا ہے کہ یہ ایک شاندار ڈیزائن ہے جو مکمل ہونے پر آرٹ کا ایک نمونہ ہو گا، ہمارے لیے کھولنے کی ہدف کی تاریخ اگلے سال چوتھا کوارٹر ہے اور ہم تقریباً 70 فیصد تعمیر مکمل کرچکے ہیں، مجھے یقین ہے ہم مقرر تاریخ تک عمارت کی تعمیر مکمل کرلیں گے، ایک بار مکمل ہونے کے بعد Ciel دنیا کے بلند ترین ہوٹل کا اعزاز حاصل کرلے گا۔

(جاری ہے)

تاہم دبئی ایسے ریکارڈز کے لیے کوئی اجنبی نہیں ہے، موجودہ ریکارڈ ہولڈر شیخ زید روڈ پر واقع گیوورا ہوٹل ہے، جو 356 میٹر بلند ہے، 2018 میں جب یہ کھلا تو یہ دنیا کا سب سے اونچا ہوٹل بن گیا تھا، جس نے دبئی کے JW میریٹ مارکوئس ہوٹل جس کی اونچائی 355 میٹر ہے اس کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ Ciel ہوٹل کو آرکیٹیکچرل فرم NORR نے ڈیزائن کیا ہے اور اسے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن نے بنایا ہے، پراپرٹی کی اہم خصوصیات میں سے ایک 300 میٹر اندرونی ایٹریئم ہے، جو عمودی طور پر اسٹیک شدہ لینڈ سکیپڈ ٹیرسز رکھے گا، جو مکینوں کو مشترکہ اجتماعی اور انٹرایکٹو جگہ فراہم کرے گا، اس منصوبے پر تقریباً 2 ارب درہم لاگت کا تخمینہ ہے، فرسٹ گروپ پراپرٹی کے حوالے سے معروف ہوٹل آپریٹرز کے ساتھ بھی بات چیت کر رہا ہے، جو کھلنے پر سیئل کا ٹائٹل برقرار رکھے گا۔

مسٹر برنز نے کہا کہ جب ہم نے اس منصوبے کی منصوبہ بندی شروع کی تو ہم جانتے تھے کہ یہ اب صرف لیمبورگنیز اور فیراریز کی زمین نہیں رہی، دبئی اب تمام لوگوں کے لیے لطف اندوز ہونے کی جگہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ مارکیٹ یوں ہی ترقی کرتی رہے گی۔