2030 تک سب کیلئے صاف پانی اور صفائی کے مقصد کے حصول کے لیے عالمی سطح پربین الاقوامی اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان

اقوام متحدہ کی پانی سے متعلق کانفرنس میں حکومتوں اور ریاستوں کے سربراہان وزرا اور حکومتوں اور اقوام کے اعلی ترین نمائندے شرکت کریں گے، منیر اکرم

بدھ 22 مارچ 2023 23:20

2030 تک سب کیلئے صاف پانی اور صفائی کے مقصد کے حصول کے لیے عالمی سطح پربین ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2023ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پانی پر ہونے والی کانفرنس پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس میں 2030تک سب کے لیے صاف پانی اور صفائی کے مقصد کے حصول کے لیے عالمی سطح پربین الاقوامی اقدامات کا تعین کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا ایک اہم نتیجہ واٹر ایکشن ایجنڈا ہو گا جس میں رکن ممالک اور دیگر سٹیک ہولڈرز پانی کی کمی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے نئے عزم کا اظہار کریں گے۔انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی پانی سے متعلق کانفرنس میں حکومتوں اور ریاستوں کے سربراہان وزرا اور حکومتوں اور اقوام کے اعلی ترین نمائندے شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں پاکستان کے 4رکنی وفد کی نمائندگی سیکرٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی کریں گے، جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق دنیا میں تقریباً 3.6 بلین افراد ہر سال کم از کم ایک ماہ تک اپنی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوششیں کر تے ہیں۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ پانی پائیدار ترقی اور زندگی کی بقا کیلئے ضروری ہیاور محفوظ اور صاف پانی تک رسائی بنیادی انسانی حق ہے تاہم کئی دہائیوں کی بدانتظامی اور پانی کے غلط استعمال سے پانی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے زندگی کے بہت سے پہلوؤں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے جن کا انحصار پانی پر ہے۔