اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 13 مئی 2025ء) اسرائیلی فوج نے پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ 19 ماہ سے حماس کی قید میں رہنے والے اسرائیلی امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کو رہا کر دیا گیا ہے۔ تاہم غزہ میں جنگ بندی یا مزید یرغمالیوں کی رہائی کا کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی مدد سے 21 سالہ ایڈن الیگزینڈر کو محفوظ طریقے سے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا گیا۔
الیگزینڈر حماس کی قید میں موجود آخری امریکی اسرائیلی یرغمالی تھے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ایڈن کی رہائی کے بعد بھی 58 یرغمالی حماس کی قید میں ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس یرغمالی کی رہائی کے لیے محفوظ راستہ دینے کی غرض سے غزہ میں جنگی آپریشن روکنے کا اعلان کیا تھا۔
(جاری ہے)
حماس نے کہا ہے کہ ایڈن الیگزینڈر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے خیرسگالی کے طور پر رہا کیا گیا۔
امریکی صدر ٹرمپ اسی ہفتے مشرق وسطیٰ کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایڈن الیگزینڈر کی رہائی اسرائیلی فوج کے غزہ میں دباؤ اور امریکی صدر ٹرمپ کے سفارتی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ ساتھ ہی نیتن یاہو نے کہا کہ کوئی جنگ بندی نہیں ہو رہی اور غزہ میں فوجی کارروائی کے منصوبے جاری رہیں گے۔
ادارت: افسر اعوان، مقبول ملک