Live Updates

وزیراعظم کا آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہرسال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانےکا اعلان

شہداء کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے ایک کروڑ 80لاکھ روپے رقم دی جائے گی، شہیدا کے ورثاء کو گھر کی سہولت، بچوں کی تعلیم کے خراجات حکومت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم شہبازشریف کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 مئی 2025 22:53

وزیراعظم کا آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہرسال 10 مئی کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 12 مئی 2025ء) وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہرسال 10مئی کو یوم معرکہ حق منانے اور شہدا پیکیج کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ہماری افواج نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا، جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے۔

وزیراعظم کے اعلان کردہ شہدا پیکیج کے تحت پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے ایک کروڑ 80لاکھ روپے رقم دی جائے گی، اسی طرح پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کیلئے رینک کے حساب سے ایک کروڑ 90لاکھ روپے سے 4 کروڑ 20لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ اسی طرح پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی، پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پیکیج کے مطابق پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کیلئے 10لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی ۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہاکہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی، شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم یہ فرض پورا کریں گے۔ وزیر ِاعظم نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سر انجام دی ہیں ان کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔ مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ ) کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے زخمی فوجی جوانوں اور شہریوں کی خیریت دریافت کی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے معرکہ حق میں زخمی ہونے والے اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ آرمی چیف نے جوانوں کی غیرمعمولی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کی جانب سے زخمیوں کی مستقل دیکھ بھال ، بحالی اور فلاح وبہبودکے عزم کا اعادہ کیا۔ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے سپاہیوں اور شہریوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔

پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہرفرد کے ساتھ پرعزم یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی۔ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران متحد اور پرعزم ردعمل سامنے آیا۔ یہ ردعمل عوام کی ثابت قدمی حمایت کے ساتھ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات