Live Updates

مجھے اب تک کوئی اطلاع نہیں کہ پاک بھارت مذاکرات کہاں ہوں گے

اگر مذاکرات کیلئے ملاقات ہوگی تو ہی ایجنڈا طے ہوگا، میری دانست میں سندھ طاس معاہدہ، کشمیر اور دہشتگردی پر بات ہوگی، اگر یہ مسائل حل ہوجاتے ہیں تو تعلقات بحال ہونے کا امکان ہے، وزیردفاع خواجہ آصف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 مئی 2025 23:53

مجھے اب تک کوئی اطلاع نہیں کہ پاک بھارت مذاکرات کہاں ہوں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 مئی 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مجھے اب تک کوئی اطلاع نہیں کہ پاک بھارت مذاکرات کہاں ہوں گے، اگر مذاکرات کیلئے ملاقات ہوگی تو ہی ایجنڈا طے ہوگا۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اب تک کوئی اطلاع نہیں کہ مذاکرات کہاں ہوں گے، اگر مذاکرات کیلئے ملاقات ہوگی تو ہی ایجنڈا طے ہوگا، میری دانست میں سندھ طاس معاہدہ، کشمیر اور دہشتگردی پر بات ہوگی، بھارت ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے ذریعے مغربی سرحد پر بھی کاروائیاں کرواتا ہے، ہم بھارت کی طرف سے دوطرفہ جارحیت کا شکار ہیں، کشمیر کا مسئلہ تو سرفہرست ہے، اگر یہ مسائل حل ہوجاتے ہیں تو تعلقات بحال ہونے کا امکان ہے۔

کشمیر پر بھارت ردعمل دے گا لیکن ٹرمپ نے اس معاملے میں کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر دنیا میں جتنے بھی فلیش پوائنٹس ہیں ان سب کی بات کررہے ہیں۔ یوکرین کے صدر کی روسی پیوٹن سے ملاقات ہورہی ہے۔ امریکا نے پاکستان میں امن کیلئے مداخلت کی ہے۔ اسی طرح وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر مذاکرات ہوئے تو بھارت سے تین پوائنٹس پر بات ہوگی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کے دوران بھارت سے کشمیر، دہشت گردی اور پانی سے متعلق بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی گزشتہ 20 یا 30 سال سے ہو رہی ہے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کیلئے یہ سنہری موقع ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر بات کر کے ایک اور پیشرفت کی ہے، ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ بھی زیرِ بحث آنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کتنی بڑی ستم ظریفی ہے کہ دہشت گردی کے سب سے زیادہ شکار ملک پر دہشت گردی کا الزام لگا کر حملہ کیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات