سعودی ایران تعلقات کی بہتری میں ایک اور اہم پیشرفت

سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کیلئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات طے پاگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 مارچ 2023 15:42

سعودی ایران تعلقات کی بہتری میں ایک اور اہم پیشرفت
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مارچ 2023ء ) سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کی بہتری میں ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کیلئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات طے پاگئی۔ سعودی سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ دونوں ممالک میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے جلد ملاقات کریں گے۔

سعودی پریس ایجنسی اور الاخباریہ نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات پر اتفاق ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹیلیفونک گفتگو میں سفارت کاروں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد پر مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا، مملکت اور ایران نے 10 مارچ کو سفارتی تعلقات بحال کرنے اور برسوں کی کشیدگی کے بعد دو ماہ کے اندر اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

ادھر سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مملکت کے دورے کی دعوت دے دی، تہران کے صدارتی دفتر کی جانب سے سعودی بادشاہ کی جانب سے متعلقہ خط کی وصولی کی تصدیق کی گئی ہے، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ریاض کی طرف سے دورے کے دعوت نامے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم ریاض کی حکومت نے ابتدائی طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بتاتے چلیں کہ سفارتی تعلقات منقطع رکھنے کے برسوں بعد حال ہی میں سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کے قریب آنا شروع ہوئے ہیں اور دونوں نے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اس مفاہمتی ڈیل میں چین نے ثالث کا کردار ادا کیا، اس ڈیل کے تحت دونوں ممالک نے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے اور اقتصادی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا، بین الاقوامی سطح پر ان دو ممالک کے مابین تعلقات کی بحالی پر دوطرفہ اتفاق پر بڑے پیمانے پر مثبت ردعمل سامنا آیا، ایران اور سعودی عرب سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ 2 ماہ کے اندر اپنے سفارتی مشن دوبارہ کھولیں گے اور سکیورٹی و اقتصادی تعاون کے اُن معاہدوں پر عمل درآمد کریں گے جن پر 20 سال پہلے دستخط کیے گئے تھے۔

پاکستان نے بھی سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی پیش رفت‘ قرار دیا، اس حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہو گی، ہم اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں جو تعمیری اور بامعنی بات چیت کا مظہر ہے، پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی کوششوں کی مسلسل حمایت کے ساتھ مشرق وسطیٰ اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔