ماہ رمضان کے پہلے رروز سے ہی گیس کی عدم فراہمی کی صورت میں ایک اور چیلنج کا سامنا ہے

جمعرات 23 مارچ 2023 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2023ء) غیر معمولی مہنگائی کے سبب قوت خرید شدید متاثر ہونے کے بعد کراچی کے شہریوں کو ماہ رمضان کے پہلے رروز سے ہی گیس کی عدم فراہمی کی صورت میں ایک اور چیلنج کا سامنا ہے۔ جمعرات کوشہر بھر سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور قلت کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں، شہریوں کو ماہ مقدس کے دوران کھانا پکانے کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنارہاہے۔

لیاری کے علاقے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے گھر تقریباً 4 مہینے سے گیس نہیں آرہی اور جب چولہا جلاتے ہیں تو معمولی آنچ نکلتی ہے، گیس پریشر بالکل بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے غربت اورمہنگائی میں انہیں مستقل بنیادوں پر گیس سلنڈر کا استعمال کر نا پڑرہاہے۔گیس سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ایک شہری نے بتایا کہ سلنڈر میں ایک کلو گرام ایل پی جی 280روپے میں مل رہی ہے اورگھروں میں کم عمر بچوں کے ساتھ گیس سلنڈر استعمال انتہائی خطرناک ہے۔

(جاری ہے)

گلشن اقبال،نارتھ کراچی اوردیگر علاقوں میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ کے سبب لوگوں کو سحری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی کے دیگر علاقوں گارڈن، صدر اور کلفٹن میں بھی یہی صورتحال ہے۔گیس کی عدم دستیابی کی اطلاعات دیگر علاقوں سے بھی موصول ہوئی ہیں، جن میں ڈی ایچ اے فیز 5، فیز 1، فیز 4 اور فیز 7 شامل ہیں۔دریں اثنا سوئی گیس کے ترجمان صفدر کھوڑو نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کے دائرہ اثر جتنے بھی علاقے ہیں وہاں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی بلکہ سحری اور افطار کے وقت مکمل طور سے گیس کی سپلائی جاری رکھی ہوئی ہے