الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد آئی جی پنجاب کی زیر صدارت پروموشن بورڈز کے انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس

ڈی ایس پی سے ایس پی، انسپکٹر سے ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سے انسپکٹر ترقی کے لیے پروموشن بورڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اضلاع میں خالی آسامیوں پر کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک ترقیوں کے بورڈز کا انعقاد جلد کریں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل ملازمین کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی‘ڈاکٹر عثمان انور

جمعہ 24 مارچ 2023 20:31

الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد آئی جی پنجاب کی زیر صدارت پروموشن بورڈز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائے گئے مراسلے کے جواب میں پنجاب پولیس کو محکمانہ ترقیوں کیلئے پروموشن بورڈزاور پروموشن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے کی اجازت مل گئی ہے ۔الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پروموشن بورڈز کے انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس میںخالی آسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کاعمل جلد از جلد مکمل کرکے انہیں پُر کرنے کی ہدایت کی ۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی ایس پی سے ایس پی، انسپکٹر سے ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سے انسپکٹر ترقی کے لیے پروموشن بورڈ اجلاسوں کا انعقاد جلد از جلد کیا جائے جبکہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز ریجنز اور اضلاع میں کانسٹیبل سے سب انسپکٹر رینک تک ترقیوں کے لیے پروموشن بورڈز کاجلد انعقاد کریں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل ملازمین کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں تاخیر یا غفلت پر سخت کاروائی کی جائے گی۔

دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے افسران سے پروموشن بورڈز اجلاسو ں کے شیڈول بارے استفسار کیا ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ترقیوں کا عمل مکمل شفاف ، غیر جانبدار،میرٹ اورسنیارٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے سر انجام دیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کے اہل افسران و اہلکاروں کو انکا جائز حق جلد از جلد دینے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور پروموشن بورڈز کے انعقاد کو ٹائم لمٹ کیس کے طور پر ڈیل کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ اور اے آئی جی ایڈمن مل کر اجلاسوں کا فوری انعقاد یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اے آئی جی ایڈمن کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منسٹریل سٹاف کی محکمانہ ترقیوں کا عمل ذاتی نگرانی میں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ دوران اجلاس پروموشن بورڈز اجلاسوں کے انعقاد اور ریکارڈ کی تکمیل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرزہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل امجد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی صلاح الدین اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔