کھجور کی قیمت میں 500 فیصد تک اضافہ ہو گیا

غریب اور متوسط طبقے کیلئے رمضان میں کھجور کا حصول بھی بے حد مشکل ہو گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 مارچ 2023 22:22

کھجور کی قیمت میں 500 فیصد تک اضافہ ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ2023ء) رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کے وار بھی شروع ہو گئے ہیں، رمضان المبارک کی خاص آئٹم کھجوروں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔رمضان المبارک بابرکت مہینے کے شروع ہوتے ہی مہنگائی کی رفتار بھی تیز ہو گئی ہے، آٹا چینی سبزیاں اور پھل کے ساتھ رمضان کی خاص آئٹم کھجوروں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، گزشتہ سال 200 روپے کلو ملنے والی کھجوریں اس سال 1000 روپے کلو تک مل رہی ہیں، مارکیٹ میں 12 مختلف قسم کی کھجوریں 500 روپے کلو سے 3000 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب ملک میں کمر توڑ مہنگائی کی شدت میں رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مزید اضافہ ہو گیا۔ ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے ہوشربا اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آٹے کا تھیلا، ٹماٹر، آلو، دال، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہو گئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1817 روپے سے بڑھ کر 2587 روپے کا ہو گیا، آلو کی فی کلو قیمت میں 6 روپے، چینی کی قیمت میں 71 پیسے اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہو گئی، اڑھائی کلو گھی کا ٹن، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 21 روپے 57 پیسے فی درجن، چائے کا پیکٹ 34 روپے 37 پیسے، مٹن 13 روپے 78 پیسے فی کلومہنگا، بیف 6 روپے 31 پیسے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 8 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 32 روپے 85 پیسے فی کلو، سرخ مرچ پیکٹ 5 روپے سستا ہوا، لہسن 4 روپے 59 پیسے ، دال چنا 2 روپے 70 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ اسکے علاوہ دال مونگ، دال مسور، انڈے اور پیاز بھی سستے ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔