Live Updates

عدالت عظمی ٰمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 22 مارچ کے آرڈر کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دینے کیلئے متفرق درخواست دائر

ہفتہ 25 مارچ 2023 22:37

عدالت عظمی ٰمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 22 مارچ کے آرڈر کو غیر قانونی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2023ء) سپیکر پنجاب اسمبلی،کے پی اسمبلی اور پی ٹی آئی کی طرف سے عدالت عظمی ٰمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 22 مارچ کے آرڈر کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دینے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔عدالت عظمیٰ میں دائر کردہ متفرق درخواست میں عدالت عظمی ٰسے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 30 اپریل کے جاری شیڈول کے مطابق دونوں صوبوں میں جنرل الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرے۔

فیڈریشن ، چیف سیکرٹری پنجاب اور کے پی کو اس بابت تمام سہولیات کی فراہمی کا پابند بنایا جائے۔ عدالت عظمیٰ یقینی بنائے کے جنرل الیکشن کے لئے فنڈز ، سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر رہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کی یکم مارچ کی سماعت کے موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب اور کے پی میں جنرل الیکشن کے لئے صدر مملکت اور کے پی گورنر سے مشاورت کے بعد شیڈول جاری کر کے 90 دن کے اندر انتخابات یقینی بنانے کی ہدائیت کی تھی۔

جس پر فریقین کی مشاورت سے صدر مملکت نے پنجاب میں 30 مارچ کو جنرل الیکشن کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ اس موقع پر ای سی پی کی طرف سے گورنر کے پی کو بھی جنرل الیکشن کیلئے تاریخ دینے کی سفارش کی گئی تھی۔ تا ہم 22 مارچ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے دونوں صوبوں میں جنرل الیکشن کیلئے جاری شیڈول کو منسوخ کرتے ہوئے پنجاب اور کے پی میں جنرل الیکشن کیلئے اکتوبر 2023 میں انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اس حکم کے خلاف اب پی ٹی آئی، سپیکر پنجاب اسمبلی اور کے پی اسمبلی کی طرف سے عدالت عظمی سے رجوع کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات