راولپنڈی، حضرت سیدہ فاطمہ الزہرا ؓ کے یومِ وصال کے موقع پرعظیم الشان سیدہِ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد

اتوار 26 مارچ 2023 18:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں سیدہِ کائنات خاتونِ جنت جگر گوشہِ رسولِ مقبول حضرت سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے یومِ وصال کے موقع پرعظیم الشان سیدہِ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ سجادہ نشین پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم کی بارگاہِ اقدس میں حضرت خاتونِ جنت سلام اللہ علیہا کا وسیلہ مجرب ترین وسیلہ ہے ، آپ سلام اللہ علیہا تمام جنتی عورتوں کی سردار ہیں اور حضور نبی رحمت فرماتے ہیں کہ میرے اہلِ بیتِ اطہار کی محبت 100مشکل مقامات پر کام آئے گی جن میں سے ایک مشکل وقت نزع کا وقت ہے۔

حضرت سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بے شمار فضائل و مناقب میں سے یہ خاص مقام ہے کہ آپ سلام اللہ علیہا اور اہلِ بیتِ اطہار کی شان میں آیتِ تطہیرنازل ہوئی اور آیتِ مباہلہ جو کہ دلیلِ توحید کے لئے ہونے والا مباہلہ تھا اس میں حضرت خاتونِ جنت سلام اللہ علیہا حضور نبی کریم کے ساتھ تشریف لے کر گئیں۔

(جاری ہے)

حضرت سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا جب قیامت کے روز حوروں کے جھرمٹ میں پلِ صراط پار فرمائیں گی تو ربِ رحمان کے عرش کے بیچ میں سے آواز آئے گی کہ تمام اہلِ محشر اپنی گردنوں کو جھکا لیں اور آنکھوں کو بند کر لیں۔

حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ حضرت سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہاکے متعلق فرماتی ہیں کہ آپ سلام اللہ علیہا جتنی مرتبہ بھی حضور نبی کریم ۖ کی خدمتِ اقدس میں حاضر ہوتیں حضور نبی کریم ۖ ہر مرتبہ کھڑے ہو کر آپ کا استقبال فرمایا کرتے اور ساری کائنات میں آپ سلام اللہ علیہا وہ واحد خاتون ہیں جنہوں نے سال کے 365دن اﷲ تعالیٰ کے حضور نماز ادا کی ۔

آج امتِ مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کو در پیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حُبِ نبی اور حُبِ آلِ و اصحابِ رسول کو اپنے ایمان کی اساس بنانا ہو گا کیونکہ یہی وہ جذبہ ہے جس سے سرفراز ہو کر ہی امتِ مسلمہ دین و دنیا میں سر خرو ہو سکتی ہے۔ حضرت خاتونِ جنت سلام اللہ علیہا جیسی عظیم شخصیت تمام مسلمان خواتین جن میں ہماری مائیں ، بہنیں، بیٹیاں شامل ہیں ان کے لئے رول ماڈل ہیں اور آپ کے نقشِ قدم پر چل کر ہی مسلمان خواتین نہ صرف تمام شعبہ ہائے زندگی میں کار ہائے نمایاں سر انجام دے سکتی ہیں بلکہ اپنی اخروی نجات کا سامان بھی کر سکتی ہیں۔

اس عظیم الشان کانفرنس کا اختتام درودوسلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی اُمت مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی ،ترقی ،افواجِ پاکستان کی سر بلندی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔

متعلقہ عنوان :