فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ تنازعات پر اسلامی تعاون تنظیم کا موقف واضح ہے، طاہر محمود اشرفی

فلسطینیوں اور کشمیریوں پر مظالم کیخلاف امت مسلمہ کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے ، چیئرمین پاکستان علما کونسل

منگل 28 مارچ 2023 14:19

فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ تنازعات پر اسلامی تعاون تنظیم کا موقف واضح ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2023ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف امت مسلمہ کو اب عملی اقدام کرناہوں گے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی فلسطین اور کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ تنازعات پر اسلامی تعاون تنظیم کا موقف واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اب فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر عملی طور پر اقدامات کرنے ہوں گے ، اسرائیلی مظالم کا سلسلہ بڑھ رہا ہے اور اسرائیل عالمی قوانین اور قراردادوں کو تسلیم نہیں کر رہا ، یہی صورتحال مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل پر اسلامی تعاون تنظیم کا موقف واضح ہے۔

او آئی سی میں شامل ممالک کو مکمل اتحاد کے ساتھ ان مسائل کو حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اسرائیلی اور ہندوستانی مظالم کا سلسلہ بڑھ جاتا ہے ، اسرائیل نئی آبادیاں قائم کرنے کے معاملے پر عالمی قوانین کو روند رہا ہے جبکہ ہندوستان کی طرف سے بھی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی امت مسلمہ کیلئے خیر کی خبر ہے اور اس میں پاکستان کے عظیم دوست چین کا کردار قابل ستائش ہے ، سعودی عرب ، چین اور روس کو فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔

پاکستان اور سعودی عرب کا فلسطین کے مسئلے پر موقف ایک ہے جب تک ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو جاتی اس وقت تک اسرائیل سے تعلقات کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔