سیالکوٹ، ایئرسیال نے لاہور سے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا آغازکردیا

بدھ 29 مارچ 2023 12:25

سیالکوٹ، ایئرسیال نے لاہور سے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا آغازکردیا
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2023ء) پاکستان کی تیسری نجی ایئرلائن ایئرسیال نے لاہور سے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا، ایئر سیال لاہور سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں شروع کرے گا جن کی خدمات پیر,بدھ، جمعہ اور اتوار کو دستیاب ہوں گی۔ان خیالا ت کا اظہار چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی نے’’ اے پی پی‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ایئرلائن کل 30 مارچ سے اسلام آباد سے سعودی عرب کے لیے بھی ہفتہ وار پروازیں چلائے گی، ایئربس 320 کو سعودی عرب کی پروازوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایئر لائن انتظامیہ نے جدہ فلائیٹ آپریشن شروع کرنے سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو باقاعدہ پلان بھی فراہم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایئر سیال دوسرے مرحلے میں کراچی سے جدہ، پشاور سے جدہ اور سیالکوٹ سے جدہ کے لیے بھی پروازیں شروع کرے گی۔

چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی کا کہنا تھا کہ یہ فلائٹ آپریشن عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے بھی شروع کیا گیاہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایئر سیال نے اپنے 2 سالہ کامیاب ڈومیسٹک فلائیٹ آپریشن کے بعد اب بین الاقوامی فلائٹ کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ ایئرلائنز میں سفر کرنے والے افراد کو الائیڈ بینک، حبیب میٹرو بینک، حبیب بینک لیمٹڈ، مسلم کمرشل بینک اور بینک آف پنجاب کے کارڈز پر 10 فیصد ڈسکاؤنٹ بھی دیا جارہا ہے۔پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے شروع کی گئی ایئرسیال ملک کی تیسری نجی ایئرلائن ہے جو دسمبر 2020 میں شروع کی گئی تھی جس کا سفر کامیابی سے جاری و ساری ہے۔