مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ محمد خلیل القاری انتقال کرگئے

ان کا تعلق مظفرآباد سے تھا‘ شیخ محمد بن خلیل القاری مسجد نبوی ﷺ میں تراویح کی امامت بھی کرچکے ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 مئی 2023 15:56

مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ محمد خلیل القاری انتقال کرگئے
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 مئی 2023ء ) مسجد نبوی ﷺ کے سابق امام شیخ محمد خلیل القاری انتقال کرگئے، مرحوم گزشتہ دو دہایوں سے زائد عرصہ سے مسجد قبا کے مستقل امام تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی ﷺ اور مسجد قبا کے امام شیخ محمد بن خلیل القاری مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے، مرحوم کی نماز جنازہ آج شام مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں ادا کی جائے گی۔

پاکستانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ شیخ محمد خلیل القاری کا تعلق مظفرآباد آزاد کشمیر سے تھا، ان کے والد شیخ خلیل القاری کا شمار بھی سعودی عرب کے معروف قراء حضرات میں ہوتا ہے۔
 
دنیا نیوز کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ مرحوم کے والدین کا تعلق آزاد جموں و کشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد سے 21 کلو میٹر دور پٹہکہ کے گاؤں کڑیاں دراڑ سے تھا، ان کے والدین 1962ء میں سعودی عرب منتقل ہوئے جہاں ان کے ہاں 1975ء میں مکہ مکرمہ میں محمد خلیل القاری پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شیخ محمد خلیل القاری نے قرآن پاک حفظ کرنے کے بعد مدینہ یونیورسٹی سے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی، 2016ء میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انہیں مسجد نبوی ﷺ کا نامزد کیا، جس کے ساتھ ہی انہیں پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا جنہوں نے مسجد نبوی ﷺ میں بطور امام فرائض انجام دیئے، جہاں انہوں نے رمضان المبارک کے دوران نماز تروایخ میں قرآن پاک بھی سنایا۔