مسلم لیگ ن کے دورمیں سب سے زیادہ یونیورسٹیاں قائم کی گئیں،گورنرپنجاب

پیر 22 مئی 2023 23:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2023ء) گورنرپنجاب انجینئر بلیغ الرحمٰن نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے دورمیں سب سے زیادہ یونیورسٹیاں بنائی گئیں ہم نے پاکستان میں ریکارڈترقیاتی کام کرائے ۔آج بھی اللہ کی مخلوق کی خدمت کررہے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سوموار کے روز نشترمیڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔

گورنرپنجاب نے 12 طلبہ وطالبات کو 29 گولڈ میڈلز پہنائے۔ کانووکیشن میں 300 گریجوایٹس کو ڈگریاں ایوارڈ کی گئیں۔اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر ،پروفیسر ڈاکٹر احمد مسعود، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن رانا محمد افضل ناصر خان ، وائس چانسلر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ، وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف راو¿، وائس چانسلر دی وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، ایم این اے احمد حسن ڈیہر، سابق ممبران قومی اسمبلی شیخ طارق رشید،جاوید علی شاہ، سابق ایم پی اے شاہد محمود خان ، سابقہ ایم این اے شاہین شفیق، ملک آصف رفیق رجوانہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہاکہ ہمیں موجودہ دور میں نئی بیماریوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید محنت اور تحقیق کرنے کی ضرورت ہے. ہر مریض سے عزت و احترام سے پیش آنا ڈاکٹرز کی ذمہ داری ہے. ہمیشہ سیکھنے کا عمل جاری رہنا چاہیے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت ہمارے لئے سب سے عظیم ہونی چاہیے۔ میڈیکل کے شعبے میں مزید تحقیق اور ایجادات کی ضرورت ہے۔

نئے علم کا حصول ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک میں اپنے شہداءکی بے حرمتی برداشت نہیں کی جاتی۔ 9 مئی کے واقعات میں ہمارے شہداءکی بے حرمتی کی گئی۔ ہمارے شہداءہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہمیں اپنے شہداءکو ہمیشہ عزت اور احترام دینا ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نےمزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی چیزیں غلط انداز میں پیش کی جاتیں ہیں۔

ہمیں حقیقت پر مبنی فیصلے کرنے چاہیے۔ ہمیں ہر فیصلے سے پہلے اچھی طرح سوچنا اور سمجھنا ہوگا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کریں کہ کس دور میں کرپشن زیادہ ہوئی۔ اناڑی شخص کو تو کوئی اپنا ڈرائیور بھی بھرتی کرنا پسند نہیں کرتا۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ جس وعدے پر جس نے ووٹ لئے کیا وہ وعدے پورے کئے گئے ؟۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت میں ہمیشہ تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

نواز شریف کے دور حکومت میں ایچ ای سی کی فنڈنگ بطور وزیر تعلیم ایک سو بیس ارب روپے تک بڑھائی گئی۔ سابقہ حکومت میں ایچ ای سی فنڈنگ کم کر کے 60 ارب روپے کر دی گئی۔ 2013ءسے 2018 ءتک آرٹ آف سکول چلڈرن کی تعداد سب سے کم تھی۔ آپ کو دیکھنا ہوگا کہ کس دور میں سب سے زیادہ موٹرویز اور ہائی ویز بنائے گئے۔ پاکستان کی پہلی وومن یونیورسٹی بھی نواز شریف نے بنائی۔

ملتان اور بہاولپور میں بھی خواتین یونیورسٹیاں نواز شریف کے دور میں بنی۔ ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال اور بہاولنگر میں میڈیکل کالجز نواز شریف کے دور میں بنائے گئے۔ بہاولنگر میڈیکل کالج چار سال سے مکمل ہونے کے باوجود فنکشنل نہ ہوسکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے ہمارہ قومی اثاثہ ہیں۔ بدقسمتی سے جلاﺅ گھیر اﺅاور تخریب کاری کرنے والوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ ہمارے شہداءکے احترام اور عزت کو نقصان پہنچایا۔ ہمیں ایک دوسرے کے سیاسی خیالات کا احترام کرنا ہے۔ ہمیں نفرتیں پھیلانے والوں سے دور رہنا ہے۔ ہمیں ایک بامقصد زندگی گزارنی ہے۔ ہمیں برداشت کے جذبہ کو فروغ دینا ہے۔