مسلم لیگ (ن)نے ہر دور میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعرات 25 مئی 2023 23:21

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2023ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایبٹ آباد شیروان انٹرچینج کے لیے ایک ارب82 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہر دور میں ملک بھر کی طرح ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ہزارہ موٹروے کے لیے 33ارب، ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے لیے 18ارب روپے جاری کئے گئے۔

ہزارہ میں سڑکوں کا جال، بجلی کے منصوبوں، واٹر سپلائی، نئے تعلیمی اداروں کا قیام، پہلے سے موجود اداروں کی اپ گریڈیشن، عوامی مطالبات کی تکمیل، مسائل کا حل یہ سب پاکستان مسلم لیگ (ن)کا ہی طرہ امتیاز رہا ہے۔

(جاری ہے)

بیرن گلی روڈ پر بھی 3کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے۔ اس دو رمیں بھی حسب سابق حسب روایت بھرپور عوامی خدمت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں نے ہمارے دور کے فنڈز روک کر ہزارہ کے ساتھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ ہم عوامی مینڈیٹ کا بھرپور پاس رکھتے ہوئے محرومیوں کے خاتمہ کے لیے کوشاں ہیں۔قائد مسلم لیگ (ن)میاں محمد نواز شریف کی قیادت، وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی نگرانی و سربراہی میں مسلم لیگ (ن)ملک کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کررہی ہے۔