آئندہ بجٹ سے قبل آئی ایم ایف سے معاہدے میں پیشرفت نہ ہو سکی

معاہدے میں تاخیر کے باعث قرض کی 9 ویں قسط تاخیر کا شکار ہے،سیاسی استحکام آنے کے بعد معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی،وزارت خزانہ

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 27 مئی 2023 13:38

آئندہ بجٹ سے قبل آئی ایم ایف سے معاہدے میں پیشرفت نہ ہو سکی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔27 مئی 2023ء) آئندہ بجٹ سے قبل آئی ایم ایف سے معاہدے میں پیشرفت نہ ہو سکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کے باعث قرض کی 9 ویں قسط تاخیر کا شکار ہے،دسمبر تک بیرونی ادائیگیوں کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزارت خزانے کہا کہ اپریل 2024 تک کمرشل اور اسکوک بانڈز کی ادائیگیاں 10 فیصد ہیں،سیاسی استحکام آنے کے بعد معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی،وزارت خزانہ نے کہا کہ ملاقات میں باہمی امور اور دونوں ممالک کے تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ابہام سے متعلق آگاہ کیا،اس موقع پر دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات مزید بڑھانے کیلئے تعاون کی یقین دہائی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے پہلے پاکستانی معیشت کیلئے اچھی خبر یہ سامنے آئی تھی کہ چین سے 2.3 ارب ڈالر کا مزید قرض ملنے کا امکان ہے،ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ پاکستان کو قرض واپسی میں بھی مزید مہلت ملنے کا امکان ہے۔ چین سے 1.3 ارب ڈالر کے تجارتی قرضوں کی ری فنانسنگ ملنے کا امکان ہے،ایک ارب ڈالر چینی حکومت کے فنڈز سے پاکستان دیئے جائیں گے۔

پاکستان کو دوست ممالک سے 400 ملین ڈالر تک کی امداد ملنے کا امکان ہے۔پاکستان کو جون کے آخر تک 3.7 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنا ہے۔ ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 4.3 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ جنوبی ایشیا میں 90 کی دہائی کی سب سے مضبوط کرنسی پاکستانی روپیہ خطے کی سب سے کمزور کرنسی بن گیا،پاکستانی روپیہ اب دیوالیہ ہو جانے والے سری لنکا کی کرنسی سے بھی زیادہ کمزور ہو کر خطے کی سب سے کمزور کرنسی بن گئی۔