Live Updates

فوج اور سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں، استحکام پاکستان علماء و مشائخ کنونشن

فوجی ، قومی اور شہری املاک ، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کرنیوالے دہشت گرد ، قومی مجرم ،ان کیخلاف اسپیڈی ٹرائل کیے جائیں مئی کو پاک فوج نے جس تحمل ، صبر و بردباری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے،پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ

اتوار 28 مئی 2023 18:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2023ء) تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ اور تمام مذاہب و سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین 9 مئی کے سانحہ کو پاکستانی قوم کیلئے یوم سیاہ سمجھتے ہیں اور فوجی ، قومی اور شہری املاک ، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کو دہشت گرد ، قومی مجرم سمجھتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال ، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرمین کے خلاف اسپیڈی ٹرائل کیے جائیں اور جلد از جلد ان کو سزائیں دی جائیں،پوری قوم چاہتی ہے کہ مجرموں کو سزا دی جائے اور بے گناہوں کو رہا کیا جائے ، ہم وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر کی ان ہدایات خیر مقدم کرتے ہیں جس میں انہوں نے کسی بھی بے گناہ کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت استحکام پاکستان کنونشن کے اعلامیہ میں کہی گئی ۔کنونشن سے مولانا محمد ایوب صفدر، قاری محمد شریف چیمہ ، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، علامہ طاہر الحسن، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اسلم صدیقی، قاری مبشر رحیمی، مولانا زبیر کھٹانہ ، مولانا سلطان محمود قادری، مولانا قاری حفظ الرحمن، مولانا عثمان بٹ ، محسن ، شیخ سہیل احمد، حاجی ملک نواز ، حکیم ابراہیم عثمانی ، رانا شعیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کنونشن کے اعلامیہ کہا گیا کہ 9 مئی کا واقعہ منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ۔ گذشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف منظم انداز میں مہم کے ذریعے نوجوان نسل کی ذہن سازی کی جاتی رہی ۔ پاکستان علما کونسل نے اس وقت بھی یہ مطالبہ کیا تھا کہ افواج پاکستان ، ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم بند کی جائے اگر پاکستان علما کونسل اور اس کی حلیف جماعتوں کی گذارشات پر توجہ دی جاتی تو ممکن ہے کہ 9 مئی کا سیاہ دن نہ آتا۔

9 مئی کو پاک فوج کے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر اور فوجی قیادت نے جس تحمل ، صبر و بردباری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے ، جس پر ہم ان کا پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے ان کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور جن لوگوں نے ان مجرمین کی پشت پناہی ، ذہن سازی کی ان کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ شہدا کسی بھی قوم کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں ، قیام پاکستان سے پاکستان کے استحکام تک شہدا کا کردار روز روشن کی طرح واضح ہے ، 9مئی کو شہدا کی یادگاروں ، تصاویر کی بھی توہین کی گئی۔

ہم شہدا پاکستان و غازیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔پوری قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیاور کسی کو بھی شہدا پاکستان کی توہین نہیں کرنے دے گی۔فوج اور سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں۔اعلامیہ میں اس بات کی شدید مذمت کی گئی کہ زلمے خلیل زاد جیسے غیرملکی عناصر اور ان کے ہمنوا پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں ۔

امریکی سنیٹرز اور بعض دیگر ممالک کے اراکین پارلیمنٹ و سیاستدانوں کے بیانات اور خطوط قابل مذمت ہیں۔ پاکستان ایک آزاد و خود مختار ملک ہے اور اس کی داخلہ و خارجہ پالیسی میں کسی کو بھی مداخلت کا حق نہیں دیا جا سکتا۔حکومت پاکستان زلمے خلیل زاد کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر مستقل بنیادوں پر اس کی پاکستان میں آمد پر پابندی لگائے ۔

اسی طرح عاطف میاں جیسے معاشی ماہرین پاکستان کے معاشی معاملات کے حوالے سے جو افواہ سازی کر رہے ہیں وہ قابل مذمت ہے ، یہ وہی عناصر ہیں جو پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ پہلے بھی ناکام ہوئے آئندہ بھی ناکام ہوں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان دشمن قوتیں مسلسل سازشیں کر رہی ہیں کہ پاک فوج ، ملک کے سلامتی کے اداروں اور قوم کے درمیان تقسیم پیدا کی جائے لیکن پاکستان کی عوام اور قوم کے اتحاد نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیااور آئندہ بھی ناکام بنائیں گے ۔

پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے پاکستانی قوم ملک کے سلامتی کے اداروں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں جس طرح دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی قوم اور فوج نے مل کر جنگ جیتی ہے ، اسی طرح پاکستان میں انتشار پھیلانے کی سازشیں کرنے والے عناصر کا بھی مقابلہ کیا جائے گااور ان کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنے کیلئے ہر سطح پر رہنمائی کی ضرورت ہے ۔

علما و مشائخ خطبات جمعہ میں قیام پاکستان ، نظریہ پاکستان اور پاکستان کی سلامتی و استحکام میں پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے کردار کو ضرور بیان کریں۔اعلامیہ میں یوم تکبیر کے موقع پر پاکستان کو ایک مضبوط ایٹمی قوت بنانے ، ملک و قوم کیلئے عظیم خدمات پیش کرنے والے سائنسدانوں ، عسکری و سیاسی قائدین اور دوست ممالک کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ جس طرح پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے اسی طرح پاکستان کو ایک مضبوط معاشی و اقتصادی قوت بنانے کیلئے پوری قوم میں معاشرتی اور اخلاقی اقدار کا احیا اور نظریہ پاکستان پر عمل کیلئے منظم جدوجہد کی ضرورت ہے جس کی طرف تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو توجہ کرنی چاہیے ۔

اعلامیہ میں اعلان کیا گیا کہ پاکستان علما کونسل اور اس کی حلیف جماعتیں لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کراچی ، کوئٹہ ، فیصل آباد ، سرگودھا، ملتان سمیت اہم شہروں میں علما و مشائخ کنونشنز منعقد کریں گی۔اعلامیہ میں ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر مذاکراتی عمل کا آغاز کریں ، تحریک انصاف کی قیادت 9مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران سے لا تعلقی کا اعلان کرے اور مجرمین کی گرفتاری اور سزا کے عمل کی مکمل تائید کر کے ملک کے اندر داخلی استحکام کیلئے ہر قسم کے تعصبات اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے ایک مضبوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تائید و حمایت نہ کی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات