عوام اور پاک فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی

پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ہے، عوام نے ملک کے طول و عرض میں مسلح افواج سے محبت کا اظہار کرکے دشمن کے مذموم عزائم کامنہ توڑ جواب دیا، پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے اندرونی اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا، آرمی چیف کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ

muhammad ali محمد علی پیر 29 مئی 2023 23:02

عوام اور پاک فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے اندرونی اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا، عوام اور پاک فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، عوام نے ملک کے طول و عرض میں مسلح افواج سے محبت کا اظہار کرکے دشمن کے مذموم عزائم کامنہ توڑ جواب دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پیر کے روز کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن میں فوجیوں کیلئے قائم مختلف فلاحی سکیموں کا دورہ کیا، انہوں نے روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کیلئے آپریشنل تیاریوں پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پاک فوج کے سپہ سالار نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے افسران خصوصی خطاب کیا۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے اندرونی اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ اہل پاکستان کی بے مثال حمایت سے پاک فوج کو کوئی نہیں روک سکتا، عوام نے حالیہ دنوں پاکستان بھر میں اپنی اچھوتی محبت کا اظہار کرتے ہوئے دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستانی عوام اور مسلح افواج کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ پاکستان کے بہادر اور قابل فخر لوگوں کی مقروض ہیں، پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ہے۔