Live Updates

جوہری ہتھیاروں کی دھمکی نہیں چلے گی، مودی

DW ڈی ڈبلیو پیر 12 مئی 2025 21:00

جوہری ہتھیاروں کی دھمکی نہیں چلے گی، مودی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 مئی 2025ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حالیہ تنازعے کی تمام تر ذمہ داری پاکستان پر دھرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ نئی دہلی حکومت نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پیر 12 مئی کو اپنے عوامی خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان میں قائم دہشت گردی کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کو صرف معطل کیا ہے۔

مودی نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان سے بات ہو گی تو وہ ''دہشت گردی اور پاکستان کے زیر قبضہ‘‘ کشمیر کے بارے میں ہی ہو گی۔

مودی نے مزید کہا کہ وہ آئندہ کچھ دنوں میں دیکھیں گے کہ پاکستان کا کیا ردعمل ہوتا ہے اور اسی کے بعد اگلی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دہشت گردی کی کوئی اور کارروائی کی گئی تو فوری جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مودی کے بقول آپریشن سیندور نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے خلاف ایک نیا پیمانہ وضع کر دیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اب اگر بھارت میں مزید کوئی دہشت گردانہ حملہ ہوا تو دہشت گردوں کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت حکومت نے پہلگام میں ہوئے حالیہ حملوں کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی ہے۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر شواہد فراہم نہیں کیے۔

دوسری طرف پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے مابین اس وقت جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں، جب بھارت نے چھ سے سات مئی کی درمیانی رات پاکستان اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں حملے کیے تھے۔

جس کے جواب میں پاکستانی فوج نے بھی کارروائی کی اور ہفتے کے دن صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی تھی، جب دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے دونوں ممالک سیز فائر پر متفق ہوئے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ان کی کوششوں کے نتیجے میں بھارت اور پاکستان کے مابین ''جوہری جنگ‘‘ کا خطرہ ٹلا۔

خون کے ساتھ پانی نہیں بہہ سکتا، مودی

بھارتی وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں جوہری ہتھیاروں کی دھمکی نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے سائے تلے پنپتی دہشت گردی کے ٹھکانوں کے خلاف بھارت فیصلہ کن کارروائی کرے گا۔

اپنے نشریاتی خطاب میں مودی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی سرکار اور دہشت گردوں کو الگ الگ نہیں دیکھیں گے۔ مودی کے بقول آپریشن سیندور کے دوران دنیا نے پاکستان کا وہ گھناونا سچ دیکھا ہے، جب مارے گئے دہشت گردوں کو داد دینے کے لیے پاکستانی فوج کے اعلیٰ عہدیدار سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاسی دہشت گردی کا یہ ایک بڑا ثبوت ہے۔

پاکستان ان الزامات کو پہلے ہی رد کر چکا ہے۔

مودی کے بقول پاکستان میں دہشت گردی کے انفراسٹرکچرز کا صفایا کرنا ہو گا، اس کے علاوہ امن کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کہا کہ ''دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں ہو سکتے، دہشت گردی اور تجارت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پانی اور خون بھی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا۔‘‘ ان کا اشارہ سندھ طاس معاہدے کی طرف تھا۔ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے سن 1960ء میں طے پانے اس معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔ پاکستان نے اس اقدام کو ''جنگی کارروائی‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔

ادارت: افسر اعوان

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات