Live Updates

ارجنٹائن کی سپریم کورٹ کے تہہ خانے سے نازی مواد سے بھرے 83 باکس برآمد

DW ڈی ڈبلیو پیر 12 مئی 2025 20:40

ارجنٹائن کی سپریم کورٹ کے تہہ خانے سے نازی مواد سے بھرے 83 باکس برآمد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 مئی 2025ء) ارجنٹائن کی عدالت عظمیٰ نے بتایا ہے کہ اس کے تہہ خانے سے 83 ایسے بڑے ڈبے برآمد ہوئے ہیں، جن میں دوسری عالمی جنگ کے دور کی دستاویزات موجود ہیں۔ ان میں پوسٹ کارڈز، تصاویر اور نوٹ بک کے علاوہ نازی حکومت کا پروپیگنڈا مواد بھی شامل ہیں۔

اس اعلیٰ ترین ملکی عدالت کی طرف سے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے ملازمین نے نازی دور کے موادسے بھرے یہ باکس دراصل ایک میوزیم کے قیام کی تیاری کے دوران اتفاقاً دریافت کیے۔

عدالت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ''ایک باکس کو کھولنے پر ہمیں دوسری عالمی جنگ کے دوران ارجنٹائن میں اڈولف ہٹلر کے نظریے کو مضبوط کرنے اور اس کی تشہیر کرنے والے مواد ملا ہے۔

(جاری ہے)

‘‘ دریں اثناء عدالت نے ارجنٹائن کے ''ہولوکاسٹ میوزیم‘‘ کے متعلقہ افراد کو مدعو کیا ہے، تاکہ وہ اس مواد کو ڈاکومنٹ اور محفوظ کرنے میں مدد کریں۔

عدالتی بیان میں مزید کہا گیا، ''ماہرین اس مواد کا جائزہ لیتے ہوئے ہولوکاسٹ کے ''ابھی تک نامعلوم پہلوؤں پر روشنی ڈالنے میں مددگار ثابت ہونے والے عناصر کا سراغ بھی لگائیں گے،‘‘ جیسے کہ نازیوں کے استعمال میں آنے والا بین الاقوامی مالیاتی نیٹ ورک۔

نازی مواد سے بھرے باکس کہاں سے آئے؟

عدالت کو اس مواد کو اکٹھا کر کے جس تاریخ کا پتا چلا ہے، اس کے مطابق یہ باکس جاپان میں قائم جرمن سفارت خانے کی طرف سے دوسری عالمی جنگ کے دوران ارجنٹائن بھیجے گئے تھے۔

تب ارجنٹائن میں جرمنی کے سفارتی مشن نے دعویٰ کیا تھا کہ ان ڈبوں میں ''ذاتی تاثرات‘‘ پر مشتمل مواد ہے۔ تاہم اس وقت کسٹم حکام نے ان ڈبوں کی بے ترتیب تلاشی لی اور انہوں نے ان میں نازی مواد پایا۔ عدالت نے کہا کہ مواد کی مقدار اور نوعیت جنگ کے دوران ارجنٹائن کی ماضی میں غیر جانبداری کے تاثر کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق حکام نے 1941ء کی اس شپمنٹ کو ضبط کر لیا تھا اور بعد ازاں اس کیس کو سپریم کورٹ کے حوالے کر دیا تھا۔

عدالت نے تب اس حوالے سے کیا کارروائی کی تھی، اس بارے میں اب یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

دوسری عالمی جنگ میں ارجنٹائن کا کردار

اگرچہ ارجنٹائن دوسری عالمی جنگ کے دوران زیادہ تر غیر جانبدار رہا تھا، لیکن یورپی ہولوکاسٹ ریسرچ انفراسٹرکچرسائٹ نشان دہی کرتی ہے کہ ''ارجنٹائن کی آبادی کا ایک اہم حصہ جرمن نژاد تھا‘‘ اور یہ کہ تب ''نازی پروپیگنڈا بہت زیادہ اثر انداز ہونے والا تھا۔

‘‘

جنگ ختم ہونے سے چند ماہ قبل تاہم ارجنٹائن نے جاپان اور اس کے اتحادی جرمنی کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا تھا۔

ہولوکاسٹ انسائیکلوپیڈیا کے مطابق 1933ء سے 1943ء کے درمیان یورپ میں نازیوں کے ظلم و ستم سے بچنے کے لیے تقریباً 24,000 یہودی ارجنٹائن پہنچے تھے۔ مزید 20,000 یہودی غیر قانونی طور پر بھی ملک میں داخل ہوئے تھے۔

ارجنٹائن کے ایک سابق صدر خوآن پیرون، جو 1946ء میں برسراقتدار آئے تھے، نازیوں کے زبردست حامی اور ہمدرد تھے اور دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد ان کا ملکنازی جرمنی سے آنے والے جنگی مجرموں کی پناہ گاہ بن گیا تھا۔

ادارت: مقبول ملک

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات