بیروت میں سعودی شہری اغوا، چار لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ

انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کے ارکان سے سعودی شہری کی تلاش کر رہے ہیں،لبنانی وزیرداخلہ

منگل 30 مئی 2023 12:59

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2023ء) لبنان کے وزیر داخلہ اور سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے بیروت سے سعودی عرب کے ایک شہری کو اغوا کر لیا ہے لیکن اغوا کے محرکات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکے ہیں۔سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل نے خبر دی کہ یرغمال شخص سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ میں کام کرتا ہے اور اغوا کاروں نے اس کی رہائی کے بدلے میں چار لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

بیروت میں حکام کا کہنا تھا کہ اس شخص کو ہفتے کی نصف شب کے قریب بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف جانے والی شاہراہ سے اغوا کیا گیا تھا اور اس کی تلاش جاری ہے۔لبنان کے نگراں وزیر داخلہ بسام مولوی نے ٹویٹ کیا کہ لبنانی پولیس کے انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کے ارکان سے سعودی شہری کی تلاش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے سعودی شہری کا نام ظاہر نہیں کیا اور کہا کہ حکام بیروت میں سعودی سفیر کے ساتھ اس معاملے پر رابطے میں ہیں۔

بسام مولوی نے ٹویٹ کیا کہ ہم اغوا کیے گئے شخص کی بازیابی کے لیے آہنی عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اس واردات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔یرغمال بنائے جانے والے سعودی شہری کو آخری بار بیروت کے مرکزی علاقے کے البیال کمپلیکس کے قریب دیکھا گیا تھا۔ وہ ایک عرصے سے لبنان میں مقیم ہیں۔ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ سعودی شہری کو اس کی کار سمیت صبح کے وقت اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ عرمون میں اپنے گھر جا رہا تھا۔

اغوا کار اس کی نقل وحرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔علاوہ ازیں لبنان میں سعودی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی شہری کے لاپتا ہونے کی اطلاع اس کے رشتے داروں کی جانب سے ملی ہے۔سفارت خانے کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سعودی سفارتخانہ لبنان کے اعلی سکیورٹی حکام سے رابطے میں ہیں۔ سعودی شہری کی گمشدگی کا معاملہ سلجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔