لندن کانسرٹ میں بدمزگی کرنے والے لوگ پی ٹی آئی کے نہیں مسلم لیگ (ن)کے صحافی تھے

منگل 30 مئی 2023 17:24

لندن کانسرٹ میں بدمزگی کرنے والے لوگ پی ٹی آئی کے نہیں مسلم لیگ (ن)کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2023ء) پاکستان تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے ابرار الحق نے کہا ہے کہ لندن کانسرٹ میں بدمزگی کرنے والے لوگ پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کے صحافی تھے جنہوں نے منصوبہ بندی کے ذریعے بد مزگی کی۔نجی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں کانسرٹ میں بدمزگی سے متعلق ابرار الحق نے بتایا کہ اس پراپرٹی ایکسپو کانسرٹ کی منصوبہ بندی 2 ماہ پہلے سے ہی کی گئی تھی، یہ پروگرام علیم خان کا پروگرام نہیں تھا بلکہ پاکستان کے بڑے بزنس ٹائیکون کے زیر اہتمام منعقدہ پراپرٹی ایکسپو تھا جس میں میری شرکت کی وجہ چیریٹی فنڈنگ تھی لیکن اس کے بعد حالات تبدیل ہوگئے اور میں نے سیاست سے کنارہ کشی کرلی۔

کانسرٹ میں ہونے والی بدمزگی سے متعلق ابرار الحق نے دعویٰ کیا کہ جب میں لندن پہنچا تو مجھے پتا چلا کہ کانسرٹ کیلئے سکیورٹی بڑھادی گئی ہے، کیونکہ کچھ صحافی میرا انٹرویو کرنا چاہتے ہیں، ان میں سے کچھ صحافی ایون فیلڈ کے باہر فقیروں کی طرح کھڑے رہتے ہیں ان کی جانب سے کچھ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گلوکار نے کہا کہ شو کے بعد جب میں سکیورٹی کے ہمراہ گاڑی تک پہنچا تو دو صحافی سامنے آگئے اور میرا انٹرویو لینے لگے، ان صحافیوں کا نام لینے سے مجھے منع کیا گیا ہے تاہم یہ لوگ پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کے تھے جنہوں نے منصوبہ بندی کے ذریعے بدمزگی کی۔

ابرا ر الحق نے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھا بدمزگی کیلئے افریقیوں کو بلایا گیا ہے اس لیے میں یہ پوچھ رہا تھا کہ یہ سیاہ کپڑوں میں کون ہے۔