جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 600فیصد اضافہ غریب دُشمنی اور اُن کے قتل کے مترادف ہے ،سرجن محمد عارف خان

جمعرات 1 جون 2023 23:23

جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 600فیصد اضافہ غریب دُشمنی اور اُن ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2023ء) لپروسی ٹی بی بلائنڈنس ریلیف ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے سرپرست اعلیٰ سرجن محمد عارف خان نے کینسر ،ٹی بی،تھلسیمیا اور دیگر جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں موجودہ دور حکومت میں 600فیصد اضافہ کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے غریب دُشمنی اور اُن کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ موزی امراض کے علاج معالجہ کی ضروری ادویات اور اپریشن کے سامان کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے ان کے خام مال پر عائد اضافی ٹیکس اور سیل ٹیکسوں میں کمی کر کے انسان دوستی کا ثبوت دیا جائے وہ مرکزی آفس سید انور میڈیکل سنٹر ڈبگری گارڈن پشاور میں ماہانہ اجلاس میں خطاب کر رہے تھے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جمہوریت کی دعویدار حکومت نے دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء سمیت ادویات کے خام مال اور ترسیل پر ٹیکسوں کی بھرمار کر کے ظلم کی انتہاکر دی ہے جس کی وجہ سے کینسر،ٹی بی،اور دیگر موزی امراض کا شکار مریضوں کی پہنچ سے ادویات دور ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے ایسے مریض اس بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے دور میں پریشانی سے دوچار ہو گئے ہیں ،انہوں نے انسانیت کے نام پر ادویات سستی کرنے کے لیئے ٹیکسوں میں نمایاں کمی کرنے اور میڈیسن کمپنیوں پر ڈاکٹروں کے غیر ضروری وزٹ اور عیاشیوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو ایسے اخراجات مر یضو ں سے نکالتے ہیں ۔