وزیرتعلیم رانا تنویرحسین کا پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ ، زمرد خان اور بچوں سے ملاقات

جمعرات 1 جون 2023 23:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2023ء) وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر حسین نے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیاجس میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر اکرام علی ملک بھر ان ہے ہمراہ شریک تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔

تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے کہا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا جن کا دل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، آج پاکستان سویٹ ہوم کے لیے بہت بڑا دن ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم خود ہمارے پاس چل کر آئے اور ان بچوں کی خدمت اور تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے آپکو بڑی عزتوں سے نوازا ہے، آپ نے ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے مشن کو آگے بڑھانے اور تعمیر و ترقی میں بھرپور تعاون کیا،بلاشبہ آپ پاکستان میں فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں ہیں اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت انسانیت کی بے لوث خدمات کے لیے بھی آپ نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا۔ انہوںنے کہاکہ میں بڑا فکر مند ہوں اپنے ان بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے مگر آج میں بڑے فخر سے بتاتا ہوں کہ میرے 200 سے زائد بیٹے اور بیٹیاں انتہائی قابل اساتذہ اور پروفیسرز کی زیر نگرانی آپ کے وفاقی گورمنٹ کے سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔

زمرد خان نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے،پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں یقیناپاکستان سویٹ ہوم یتیم بچوں کی جنت نظیر وادی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں،یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں،دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچے زیر کفالت اور بہترین ماحول میں تربیت پا رہے ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کی بچیاں میرٹ پر کیڈٹ کالج لاڑکانہ کا بھی حصہ ہیں۔ زمرد خان نے کہاکہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے، اللہ تعالیٰ کے مشن پر نکلا تو سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔

انہوںنے کہاکہ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر بنیں گے، ڈاکٹر، انجینئر، اور پروفیسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ یہاں ہر زبان رنگ و نسل و مذہب اور پاکستان کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچے ایک ہی چھت تلے پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں،میں ان بچوں کو بڑے آدمی نہیں بلکہ بڑے انسان بنانا چاہتا ہوں جو دنیا میں انسانیت کی خدمت میں پاکستان کی پہچان ہونگے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہاکہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ زمرد خان صاحب کی قیادت میں یتیم بچوں کی کفالت کا یہ اعلیٰ معیار کا سسٹم بھی موجود ہے،میں نے پاکستان سویٹ ہوم کا بڑا نام سنا ہے مگر آج یہاں آکر اندازہ ہوا کہ کس قدر بڑے پیمانے پر یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا یہ عظیم مشن جاری ہے،یہاں آکر ان بچوں سے مل کر بے حد سکون اور اطمینان ملا،ان بچوں سے مل کر بیحد متاثر ہؤا اور ان کے پاپا جانی زمرد خان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی،ان بچوں کے جذبات، حوصلے اور اعتماد نے دل جیت لیے اور یقینا ان کے پاپا جانی زمرد خان صاحب خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس عظیم مشن کا بیڑا اٹھایا اور بڑے احسن انداز میں یہ عظیم کام سر انجام دے رہے ہیں،دنیا میں اس سے عظیم اور کیا کام ہوسکتا ہے کہ آپ کسی یتیم بچے کی کفالت اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں۔

تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے،میں بطور وفاقی وزیر تعلیم مبارکباد پیش کرتا ہوں ہزاروں یتیم بچوں کے پاپا جانی زمرد خان صاحب اور ان کی تمام ٹیم کو جو اتنے عظیم مشن کی طرف گامزن ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ میں اپنی وزارت تعلیم کی طرف سے ان یتیم بچوں کے لیے 6 کروڑ روپے سالانہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

حکومت پاکستان سمیت میں خود بھی زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور ہم ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جہاں تک ممکن ہے ان بچوں کی بہتری کے لیے زمرد خان صاحب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کے دیگر افسران سمیت سکول و کالجز کے پرنسپل صاحبان بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔