پی ٹی آئی کی گرفتار ورکر کا پارٹی چھوڑنے والے سینیئر رہنماؤں پر طنز

مردوں سے تو عورتیں بہادر نکلیں، ہم نے بائیس بائیس دن جیلیں کاٹ لیں اور یہ دو دن میں ہی استعفے دے کر بھاگ گئے۔ صنم جاوید خان کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 2 جون 2023 15:54

پی ٹی آئی کی گرفتار ورکر کا پارٹی چھوڑنے والے سینیئر رہنماؤں پر طنز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون 2023ء) نومئی کے واقعات کے بعد گرفتار ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی ورکر صنم جاوید خان نے استعفی دینے والے سینئر پارٹی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ صنم جاوید خان نے قیدیوں کی وین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جیلیں بھگتا لی ہیں۔ یہ سارے لوگ بھاگ جائیں گے۔صنم جاوید نے کہا کہ مردوں سے تو عورتیں بہادر نکلی ہیں۔

ہم نے بائیس بائیس دن جیلیں کاٹ لیں اور یہ دو دن میں ہی استعفے دے کر بھاگ گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگ نہیں گھبرائے آپ لوگ بھی مت گھبرائیں۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنمائوں نے جیل میں تشدد کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی،ہمیں جیل میں رکھنا زیادتی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریکِ انصاف کی خواتین کارکنان اور رہنما جنھیں 9مئی کو جنائوح ہائوس پر حملہ اور جلائو گھیرائو کے بعد حراست میں لیا گیا تھا، انہیں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔

تھانہ سرور روڑ پولیس نے تحریکِ انصاف سے وابستہ خواتین ملزمان کو گذشتہ روز شناخت پریڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا۔خواتین ملزمان میں صنم جاوید، طیبہ راجہ، عالیہ حمزہ سمیت سات دیگر شامل تھیں ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیل میں تشدد کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے صنم جاوید کا کہنا تھا کہ جیل میں ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی، ہمیں جیل میں رکھنا ہی زیادتی تھی کیونکہ ہم نے کچھ کیا ہی نہیں تو رکھنا ہی نہیں چاہیے تھا۔

اس موقع پر عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ آدھی رات کو عورتوں کو گھروں سے اٹھا کر گھسیٹ کر لانے اس سے زیادہ آپ عورتوں کی کیا تذلیل کریں گے۔طیبہ راجا کا کہنا تھا کہ اگر سوشل اکائونٹس سے مسئلہ ہے تو سوشل میڈیا کے مقدمے کریں اس طرح سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ضروری تو نہیں ہے