خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کا 30واں اجلاس

جمعہ 2 جون 2023 22:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2023ء) پشاور۔نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے زکوٰة وعشر سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین سلمیٰ بیگم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کا 30واں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کے مختلف امور زیر غور لائے گئے کمیشن اراکین نے کمیشن میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسرز، سوشل کیس ورکرز، سیکالوجسٹس، آفس اسسٹنٹس اور دیگر خالی آسامیوں کو پر کرنے پر متفق ہوئے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خالی اسٓامیوں کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے این او سی لے لیں اس کے علاوہ سی پی ڈبلیو سی کے سالانہ بجٹ 23-2022 اور24-2023 پر سیر حاصل بحث ہوئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت صوبے کے 12مختلف اضلاع میں بچوں کی تحفظ کے لیے چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم ہیں۔

(جاری ہے)

صوبے کے باقی اضلاع اور بالخصوص نئے ضم قبائلی اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کی قیام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں کمیشن کے ملازمین کے لیے مختلف ہیلتھ سکیموں کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کیا گیا جس پر اراکین متفق نہ ہوسکے اور کہا گیا کہ صحت کارڈ کی سہولت عام وخاص کے لیے موجود ہے جس سے ہر کوئی استفادہ حاصل کرسکتا ہے۔

کمیشن کے سروس ریگولیشن میں ترامیم کے حوالے سے بھی اراکین میں تفصیل سے گفتگو ہوئی جبکہ ہائی کوالیفائیڈ ملازمین کیلیے ایم فل الائونس کو زیر غور لایا گیا۔نگران معاون خصوصی سلمیٰ بیگم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدام اٹھائی جائیں بچوں کی تحفظ ہر صورت یقینی بنائےں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حقوق کی پامالی اور تشدد کی روک تھام بہترین معاشرے کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر ضیاالحق، کے پی سی پی ڈبلیو سی کے چیف پروٹیکشن آفیسراعجاز محمد خان اور دیگر اراکین سمیت محکمہ قانون ، فنانس، ابتدائی وثانوی تعلیم ، لوکل گورنمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے افسران نے شرکت کی۔