بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا

ضلع گوادر میں سروسز، ایکسائز ٹیکس اور جائیداد کی منتقلی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، بلوچستان حکومت پورٹ سٹی دبئی اور سنگارپور بھی ٹیکس فری زون تھے تبھی ترقی ہوئی، گوادر میں انڈسٹری لگنے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار اور فارن ایکسچینج بھی آئے گا،سینیٹرکہدہ بابر

ہفتہ 3 جون 2023 22:20

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2023ء) بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا اور وفاقی حکومت سے بھی گوادر کو ٹیکس فری قرار دینے کی سفارش کردی۔بلوچستان حکومت نے کہاکہ ضلع گوادر میں سروسز، ایکسائز ٹیکس اور جائیداد کی منتقلی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، وفاقی حکومت ضلع گوادر کو اسپشل اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دے۔

(جاری ہے)

گوادر سے تعلق رکھنے والے سینیٹر کہدہ بابر نے ٹیکس فری زون سے متعلق کابینہ کا فیصلہ خوش آئند قرار دے دیا اور کہا کہ صوبائی کابینہ نے گوادر کو ٹیکس فری زون کا درجہ دے کر دیرینہ مطالبہ منظور کرلیا،وفاقی حکومت بھی وفاقی ٹیکسز میں چھوٹ دے، ٹیکس فری زون سے گوادر پورٹ فعال اور سرمایہ کار راغب ہوں گے۔سینیٹر کہدہ بابر نے کہاکہ پورٹ سٹی دبئی اور سنگارپور بھی ٹیکس فری زون تھے تبھی ترقی ہوئی، گوادر میں انڈسٹری لگنے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار اور فارن ایکسچینج بھی آئے گا۔