ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے مزید سستی ہوگئی

فی تولہ سونے کا بھاؤ کم ہوکر2 لاکھ 30 ہزار400 روپے ہوگیا، 10 گرام سونے کے نرخ کم ہوکر ایک لاکھ 97 ہزار531 روپے ہوگئے ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 5 جون 2023 19:04

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے مزید سستی ہوگئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء) ملک میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد سونے کی قیمت میں بھی کمی بیشی کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت مزید کم ہوکر 2 لاکھ 30 ہزار400 روپے ہوگئی۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ جس سے فی تولہ سونے کی قیمت مزید کم ہوکر 2 لاکھ 30 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10گرام سونے کا بھاؤ 857 روپے سے کم ہوگیا ہے۔ جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 97 ہزار 531 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 8 ڈالر کم ہوکر 1940 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔یاد رہے پچھلے ایک ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کے بھاؤ میں ساڑھے 4 ہزار روپے سے زائد کی کمی پوئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ایک بار پھر اونچی اڑان بھر لی۔

(جاری ہے)

اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر 6 روپے مہنگا ہو کر 306 روپے کا ہو گیا۔ جب کہ انٹربینک میں ڈالر 32 پیسے مہنگا ہو کر 286 روپے کا ہو گیا۔ انٹربینک میں آخری کاروباری روز ڈالر285.68 روپے پر بند ہوا تھا۔ ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 11 روپے سستا ہو ا تھا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے سستا ہو اجس سے ڈالرکی قیمت فروخت 285.70 روپے سے گھٹ کر285.60 روپے ہو گئی جبکہ 11روپے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر311روپے سے گھٹ کر 300 روپے پر آ گئی ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں 11.50روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 335.50 روپے سے کم ہو کر324 روپے ہو گئی اسی طرح 11.60روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 385 روپے سے کم ہو کر374روپے پر آ گئی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ یورو کی قدر میں7روپے اور برطانوی پونڈ کی قدر میں6روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید برآں پاکستان کی اشیا کی برآمدات میں مسلسل 9 مہینے تنزلی جاری ہے، جو مئی میں سالانہ بنیادوں پر 16.96 فیصد کمی کے بعد 2 ارب 18 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 11 مہینے کے دوران برآمدات 12.14 فیصد گر کر 25 ارب 36 کروڑ ڈالر رہ گئیں، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 28 ارب 87 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ برآمدات میں کمی کی بنیادی وجوہات میں اندرونی و بیرونی عوامل ہیں، جن کے سبب خاص طور پر ٹیکسٹائل یونٹس کی بندش کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔