بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ خوش آئند ہے، پنشن میں بھی اضافہ سے ریٹائرڈ ملازمین کی مالی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی،چیئرمین ایپکا میاں انور حسین

جمعہ 9 جون 2023 23:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) چیئرمین ایپکا، سرپرست اعلیٰ ایپکا میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد،ڈویژنل آرگنائزر آل پاکستان میونسپل ایمپلائیز فیڈریشن و ڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری ایپکا فیصل آباد میاں انور حسین نے کہاہے کہ جمعہ کے روزوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کئے جانیوالے نئے مالی سال2023-24 کے بجٹ میں گریڈ1 سے16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 اور گریڈ17 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ خوش آئند ہے جبکہ پنشن میں بھی ساڑھے17 فیصد اضافہ سے کمر توڑ مہنگائی سے متاثرہ ریٹائرڈ ملازمین کی مالی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

بجٹ تقریر کے بعد اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ افراط زر کی وجہ سے عام لوگوں کی طرح سرکاری ملازمین کی قوت خرید میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ شدید مالی مسائل اور وسائل کی کمی کے باوجود سرکاری ملازمین کیلئے کسی حد تک ریلیف اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سٹیشن سے باہر سرکاری سفراور رات کے قیام کیلئے ڈیلی و مائلیج الاؤنس،ڈیپوٹیشن، کرنٹ چارج،ایڈیشنل چارج،آرڈرلی،سپیشل کنوینس الاؤنس برائے معذوران میں اضافہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح مجاز پنشنرز کا ڈرائیور الاؤنس بڑھایا گیا ہے نیزسرکاری ملازمین کی کم از کم پنشن 12000 روپے اور ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹ کی پنشن کو 8500 سے بڑھا کر 10000 روپے کردیا گیا ہے جو ایک احسن اقدام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کم کرنے کیلئے بھی اقدامات یقینی بنائے گی۔