تیراندازی کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھار ہی ہے،مطیع اللہ خان مروت

جمعہ 16 جون 2023 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2023ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و ثقافت و امور نوجوانان مطیع اللہ خان مروت نے کہا ہے کہ پختونوں کے ثقافتی اور تاریخی کھیل مخہ (تیراندازی) کے فروغ اور زندہ و تابندہ رکھنے کیلئے صوبائی حکومت عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھار ہی ہے۔ مخہ (تیر اندازی) کو آنیوالے صوبائی بجٹ میں صوبائی سپورٹس کلینڈر میں شامل کیا جائیگا تاکہ اس کھیل کے صوبائی ٹورنامنٹس صوبائی حکومت کی سرپرستی اور مالی تعاون سے منعقد ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کاٹلنگ چپل آباد شموزئی میں ممبر فرمان شاہ کے حجرے میں حاجی مثل خان کاکا (مرحوم) صوبائی یوسفزئی امن مخہ ٹورمنٹ 2023 کے فائنل میچ کے تقریب تقسیم انعامات کے دوران بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت سید معصوم شاہ باچا باچا خان مرکز پشاور نے کی۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ممتاز صحافی رحیم اللہ یوسفزئی مرحوم کی دلچسپی کا مرہون منت ہے، فائنل میچ لاچی زمان شموزئی مردان اور صدیق عالم شموزئی مردان کے درمیان کھیلا گیا، لاچی زمان شموزئی کی ٹیم نے 5 پوائنٹس کی برتری کیساتھ صدیق عالم شموزئی کی ٹیم کو شکست دیکر سالانہ صوبائی مخہ (تیراندازی) ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کی۔

ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن "پاک کیا صوابی " کی ٹیم نے حاصل کی۔ صدیق عالم شموزئی کے طاہر اللہ شموزئی کو مین آف دی ٹورنامنٹ اور لاچی زمان شموزئی کے ولی گل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تقریب سے سید معصوم شاہ باچا، ممتاز صحافی مشتاق یوسفزئی، ڈائریکٹر پروگرام اے وی ٹی نیٹ ورک حسن خان، صوبائی صدر امجد حسین یوسفزئی، سابقہ ایم پی اے گوہر علی شاہ باچا، ریجنل سپورٹس آفیسر مردان سہیل خان، تحصیل صدر بن یامین، گوہر استاد، وائس چیئرمین فرمان شاہ اور جنرل سیکرٹری فخر عالم یوسفزئی خطاب کیا۔

تقریب سے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و ثقافت و امور نوجوانان مطیع اللہ خان مروت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن قوموں نے اپنی ثقافت، زبان اور اسلاف کے طریقوں کو زندہ کیا ہے تو وہ قومیں ترقی کرتی ہیں اور جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں توہ ان کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، کھیل کود اور مثبت سرکرمیوں میں حصہ لینا جسمانی نشونما کے ساتھ ساتھ ذہنی نشونما کو بھی جلا بخشتی ہیں، ہمیں چاہیے کہ ایک اچھے معاشرے کی خاطر کھیل کے میدانوں کو آباد کریں، تاکہ ہمارے نوجوان بے راہ روی اور بری صحبت اور نشہ کی لعنت سے بچ سکیں، انہوں نے کہا کہ آنیوالے صوبائی بجٹ میں مخہ (تیراندازی) صوبائی سپورٹس کیلنڈر میں شامل کیا جائیگا، تاکہ مستقبل میں صوبائی ٹورنامنٹس حکومت کی سرپرستی اور مالی تعاون سے منعقد ہوسکیں۔

آخر میں مہمان خصوصی نے آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے دو لاکھ روپے ،جبکہ ہمدرد ویلفیئر آرگنائزیشن کیلئے 10ہزار روپے نقددینے کا اعلان کیا۔ صوبائی صدر امجد حسین یوسفزئی نے فرسٹ پوزیشن حاصل کرنیوالے لاچی زمان ٹیم کو 20ہزار روپے، سیکنڈ ٹیم صدیق عالم شموزئی کو 15ہزار روپے، تھرڈ پوزیشن ہولڈر پاک کیا صوابی کی ٹیم کو 10ہزار مین آف دی ٹورنامنٹ طاہر اللہ شموزئی کو 7ہزار روپے، مین آف دی میچ شموزئی کو پانچ ہزار روپے اور مقامی تنظیم ہمدرد ویلفیئر آرگنائزیشن کو 10ہزار وپے نقد دئیے۔

اے وی ٹی خیبر کے ڈائریکٹر پروگرام حسن خان نے آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے 10ہزار روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی مطیع اللہ خان مروت، سید معصوم شاہ باچا، مشتاق یوسفزئی، حسن خان، گوہر علی شاہ باچا، اور بابا سلیم نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیئے۔ جبکہ مہمان بہتر انتظامات پر امجد حسین یوسفزئی، فرمان شاہ اور گوہر استاذ کر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے شیلڈز پیش کیں۔