صدر عارف علوی نے نائب چینی وزیر اعظم ہی لی فینگ کو پاکستان کے لئے گرانقدر خدمات پر ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا

پیر 31 جولائی 2023 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندہ، چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن اور نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کو پاکستان کے لئے گرانقدر خدمات پر ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔ چین کے نائب وزیر اعظم کو اعزاز دینے کے لئے ایک سادہ اور پرقار تقریب پیر کو ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں ہلال پاکستان کا اعزاز عطا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، کابینہ کے اراکین، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کے اراکین سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ چینی نائب وزیر اعظم کو ہلال پاکستان کا اعزاز دینے کےلئے منعقدہ تقریب میں چین کے نائب وزیر خارجہ اور پاکستان میں چینی ناظم الامور بھی شریک ہوئیں۔ اس سے قبل ایوان صدر آمد پر چین کے نائب وزیر اعظم کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ پاکستان کے سرکاری دورہ پر اتوار کو اسلام آباد پہنچے تھے۔