نگران وزیراعظم کیلئے ڈاکٹر عشرت العباد کا نام بھی زیر غور

جمعہ 4 اگست 2023 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2023ء) نگران وزیر اعظم کے لئے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کا نام بھی زیر غور آگیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِصدارت اتحادیوں کے ویڈیو لنک اجلاس کا احوال سامنے آگیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں 4نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ نگران وزیر اعظم، نئی مردم شماری، ضمنی انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایاکہ اسمبلیوں کی تحلیل 9 اگست کو کرنے پر تمام رہنماں نے اتفاق کیا جب کہ الیکشن وقت پر ہونے کے حوالے سے بھی پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں میں اتفاق ہوا۔ رہنما اس امر بھی متفق ہوئے کہ مردم شماری معاملے پر سی سی آئی جو فیصلہ دے گی قبول ہو گا۔ذرائع کے مطابق عام انتخابات کا معاملہ نگران حکومت پر ڈال دیا گیا۔

(جاری ہے)

نگران حکومت عام انتخابات کے معاملات کو خود دیکھ لے گی۔

نگران وزیر اعظم کے انتخاب کے معاملہ کو وزیراعظم کا استحقاق قرار دیدیا گیا۔اتحادیوں نے رائے دی کہ وزیراعظم اور اپوزیشن مشاورت سے نگران وزیر اعظم کا انتخاب کر لیں۔ بلوچستان سے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کا نام نگران وزیر اعظم کے لئے تجویز کیا گیا جب کہ سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کا نام بھی زیر غور ہے۔ایم کیو ایم نے نگران وزیر اعظم کے نام پر مزید مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا۔