ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے 67 بیج کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

منگل 8 اگست 2023 22:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2023ء) ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے 67 بیج کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقادکیا گیا۔کمانڈر لورالائی سکاؤٹس تقریب کے مہمان خصوصی تھے،پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 895 ریکروٹس اپنی ٹریننگ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوئے جن میں سے 316 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ سال 2021 سے اب تک بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کل 4804 نوجوان ایف سی بلوچستان میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

پاس آؤٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کو جدید خطوط پر استوار جنگی تقاضوں پر تربیت دی گئی۔ ٹریننگ میں انسداد دہشت گرد کارروائیاں اور پہاڑی علاقوں میں لڑنے کی مختلف مہارتیں شامل ہیں۔ تقریب میں ریکروٹس کے اہل خانہ ، مقامی قبائلی عمائدین اور سول و ملٹری حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والےتمام ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کی۔

تقریب کے شرکانے بلوچستان میں قیام امن کیلئے دی گئی شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔مہمان خصوصی نے کہا کہ ریکروٹس بلوچستان کی امن و سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے،تمام ریکروٹس نے عزم کیا کہ پاکستان اور بلوچستان کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔تقریب کے آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیےگئے۔67 بیج کے ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں فرسٹ پوزیشن ریکروٹ محمد حسنین نے حاصل کی جسے آئی جی ایف سی کی اعزازی چھڑی سے نوازا گیا جبکہ دوسری پوزیشن ریکروٹ اسد علی نے حاصل کی جسے آئی جی ایف سی میڈل سے نوازا گیا۔