حافظ سعد حسین رضوی کا مظفرآباد میں فقید المثال استقبال کیا جائیگا،تیاریاں مکمل

منگل 8 اگست 2023 22:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2023ء) قائد ملت اسلامیہ،جگر گوشہ امیرالمجاہدین مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ حافظ سعد حسین رضوی کا دارالحکومت مظفرآباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا،تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،10اگست بروز جمعرات شام 4بجے چھتر چوک کے مقام پر شاندار استقبال کیا جائے گا جس کے بعد انہیں ایک قافلہ کی صورت میں اپر اڈہ جامعہ نظامیہ رحمانیہ لے جایا جائے گا جہاں وہ علامہ قاری عبداللہ نظامی صاحب ؒکے سالانہ عرس کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے۔

اس حوالے سے دارالحکومت مظفرآباد میں جگہ جگہ پینا فلیکس اور بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں۔تحریک لبیک ضلع مظفرآباد کے عہدیداران میر فرہاد قادری امیر ضلع مظفرآباد،ناظم اعلیٰ ملک فیاض احمد اعوان،سرپرست اعلیٰ محمد بشیر قریشی،نائب ناظم اعلیٰ ذوالفقار شیخ،صفدر مغل،فراز احمد ترک سمیت دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع مظفرآباد میں اپنے محسن قائد کا شاندار اور تاریخی استقبال کریں گے،اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،مظفرآباد کی مرکزی شاہرائوں پر پینا فلیکس سمیت بینرز لگادیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کوہالہ سے لے کر چھتر تک جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیںجہاں امیر محترم کا استقبال کیا جائے گا، جبکہ چھتر چوک سے ایک بڑے جلسہ عام کی صورت میں علامہ حافظ سعد حسین رضوی کو اپر اڈہ جامعہ نظامیہ رحمانیہ لے جایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کے تمام عہدیداران ،کارکنان نے اس حوالے سے اپنی تمام تیاریاں مکمل لی ہیں،ضلع نیلم اور جہلم ویلی سے کارکنان کے قافلے مظفرآباد آئیں گے چھتر چوک میں مشترکہ طورپر استقبال کیا جائے گا۔علامہ حافظ سعد حسین رضوی ایک روزہ دورہ پر مظفرآباد تشریف لارہے ہیں جو جامعہ نظامیہ رحمانیہ میں علامہ قاری عبداللہ نظامی ؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کریں گے۔