حنا ربانی کھر سے سعودی نائب وزیر خارجہ ولید عبدالکریم الخیرجی کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خینال

منگل 8 اگست 2023 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2023ء) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید عبدالکریم الخیرجی نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ کی قیادت میں سعودی عرب کی وزارت خارجہ، توانائی، صحت، ماحولیات اور زراعت، صنعت و معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کی وزارتوں کا ایک اعلیٰ سطحی اور نمائندہ وفد پاکستان کے دورے پر ہے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں سعودی عرب کی دلچسپی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل سے آگاہ کیا تاکہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک خصوصاً مملکت سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان اور تیز تر بنایا جاسکے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی کثیر جہتی تعاون پر مبنی تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔