دوڑ سے سرباڑی جانے والی مال گاڑی کی ایک بوگی ٹریک سے اتر گئی

ٹریک متاثر ہونے سے کراچی اور پنجاب جانیوالی ٹرینوں کو روک دیا گیا، ٹریک کو بحال کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے لگ سکتے ہیں، ریلوے حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 اگست 2023 18:30

دوڑ سے سرباڑی جانے والی مال گاڑی کی ایک بوگی ٹریک سے اتر گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2023ء) ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دوڑ سے سرباڑی جانے والی مال گاڑی کی ایک بوگی ٹریک سے اتر گئی، ٹریک کو بحال کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دوڑ سے سرباڑی جانے والی مال گاڑی کی ایک بوگی ٹریک سے اتر گئی۔ دوڑ ریلوے اسٹیشن کے قریب بوگی اترنے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک متاثر ہوا ہے۔

اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک متاثر ہونے سے کراچی اور پنجاب جانیوالی ٹرینوں کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔ ٹریک سے بوگی کو ہٹانے کیلئے نواب شاہ سے ٹریک مشین منگوائی گئی ہے۔ اسٹیشن ماسٹر سانگھڑ کا کہنا ہے کہ ٹریک کو بحال کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ مزید برآں اس سے قبل ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں متعدد لوگ جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام کے مطابق ہزارہ ایکسپریس حادثہ لکڑی کی فش پلیٹ کی وجہ سے نہیں ہوا، کراچی سے انجن کی درست انسپکشن نہ ہونے سے ورکس مینجر ورکشاپ کو معطل کیا گیا، انجن کے پہیئے جام ہوئے اور متاثرہ ٹریک ٹوٹ گیا۔ ٹرین کی پچھلی بوگیاں الٹنے سے حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انجن کے دو پہیئے لاک ہوئے اور ٹریک کا کچھ حصہ بھی خراب تھا۔ یاد رہے ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثہ،ریلوے کے 6 افسران اور ملازمین کو معطل کر دیا گیا۔

اسی طرح 05 اگست کو کراچی سے پنجاب جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس کی دو بوگیاں پڈعیدن کے قریب پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ، بوگیاں اترنے کے باعث اپ ٹریفک پر ٹریفک معطل ہوگئی تھی جس کے بعد روہڑی اسٹیشن سے ریلیف ٹرین پڈعیدن کے لئے روانہ کرکے فوری امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور ٹرین ریلیف آپریشن شروع کر دیا گیا مرحلاوار ٹرینوں کی روانگی شروع کردی گئی ہے۔