بھارت تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکا ،فرید پراچہ

پیر 28 اگست 2023 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2023ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر فرید پراچہ نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ،بھارت تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو دائرہ علم و ادب پاکستان کےزیراہتمام سینئرکشمیری حریت رہنما، دانشور و مصنف غلام نبی نوشہری کی تصنیف بعنوان "نقش ناتمام" کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ بھارت تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکا ۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدامات کے بعد اب عملی اقدامات کا وقت آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غلام نبی نوشہری کی تازہ تصنیف کو کشمیری علم و ادب کےمیدان میں سنہری اضافہ ہے۔

موجودہ حالات میں ہر میدان میں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور بھارت کےمنفی حربوں کی ناکامی کیلئے مزید موثر سنجیدہ اقدامات کرنا ازبس ضروری ہے۔ تقریب رونمائی سے حریت رہنما غلام محمد صفی، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ، کنوینر حریت کانفرنس آزاد کشمیر محمود احمد ساغر ، حریت رہنما محمد فاروق رحمانی رحمانی ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق اور دیگر مقررین نے بھی ا خطاب کیا۔